رسائی کے لنکس

پاکستانی پرامن طور پر انتخابات میں حصہ لیں، بان کی مون


بان کی مون نے پاکستان میں انتخابات سے قبل سیاست دانوں، سیاسی جلسوں اور انتخابی دفاتر پر ہونے والے حملوں پر اپنی تشویش کا بھی اظہار کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پاکستانی میں انتخابی سرگرمیوں پر ہونے والے حملوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کے عوام ہفتے کو ہونے والے انتخابات میں "پرامن" طور پر حصہ لیں گے۔

جمعرات کو اقوامِ متحدہ کے صدر دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں عالمی ادارے کے سربراہ نے خواہش ظاہر کی ہے کہ ووٹ ڈالنے کے اہل تمام پاکستانی اپنی مذہبی، نسلی اور صنفی وابستگیوں کے باوصف ووٹنگ کے "اہم دن" اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔

بیان میں بان کی مون نے پاکستان میں انتخابات سے قبل سیاست دانوں، سیاسی جلسوں اور انتخابی دفاتر پر ہونے والے حملوں پر اپنی تشویش کا بھی اظہار کیاہے۔

بیان میں عالمی ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی حکومت کی جانب سے ووٹنگ کے دن انتخابی امیدواران، عملے اور ووٹروں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی قدر کرتے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے انتخابی عمل کے دوران میں پاکستانی حکومت اور عوام کے لیے اپنی نیک خواہشات بھی ظاہر کی ہیں۔
XS
SM
MD
LG