رسائی کے لنکس

پاکستان دہشت گردی کے خلاف مزید اقدامات کرے: بان کی مون


اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ " پاکستان میں تشدد میں اضافہ تشویش ناک ہے۔"

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ایسے واقعات کو روکنے کے لیے مزید اقدامات کرنے کا کہا ہے۔

ایک بیان میں انھوں نے ساحلی شہر کراچی کے ہوائی اڈے پر دہشت گردانہ حملے اور بلوچستان میں شیعہ زائرین پر ہلاکت خیز حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ " پاکستان میں تشدد میں اضافہ تشویش ناک ہے۔"

بان کی مون کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ " پاکستان کی طرف سے سکیورٹی سے متعلق کیے جانے والے اقدامات کا اعتراف کرتے ہوئے انھوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی اور مذہبی انتہا پسندی جیسے معاملات کے حل کے لیے مزید کوششیں کرے جس میں اس بات کو مد نظر رکھا جائے کہ تمام لوگ کے محفوظ طریقے سے اپنے مذہب کی پیروی کرنے کے حقوق کا تحفظ ہو۔"

کراچی میں اتوار کو رات دیر گئے ہوائی اڈے پر کیے گئے حملے میں 28 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ اس حملے سے بچنے کے لیے ایک کولڈ اسٹوریج میں چھپنے والے سات افراد کی لاشیں پیر کو رات دیر گئے نکالے جانے کے بعد یہ تعداد 35 ہوگئی۔

اتوار ہی کو ایران سے کوئٹہ واپس آنے والے شیعہ زائرین پر تفتان کے علاقے میں شدت پسندوں نے حملہ کرکے 25 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

ادھر امریکہ نے بھی پاکستان میں ہونے والے ان دونوں واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ان میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے جاری کردہ بیان میں ان دونوں واقعات میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس ضمن میں پاکستانی حکومت کو تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔
XS
SM
MD
LG