رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ کی طرف سے امن فوج کے اہلکار کی ہلاکت کی مذمت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جمہوریہ وسطی افریقہ میں امن مشن کے اہلکار ایک مشتبہ مجرم کی گرفتاری کے لیے تلاشی میں مصروف تھے کہ مسلح افراد نے ان پر حملہ کر دیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے جمہوریہ وسطی افریقہ میں اقوام متحدہ کے امن دستے کے ایک اہلکار کی ہلاکت کی مذمت کی ہے۔

یہ اہلکار اتوار کو ملک کے دارالحکومت میں مسلح افراد کے حملے میں مارا گیا تھا۔

اقوام متحدہ نے کہا کہ جمہوریہ وسطی افریقہ میں تعینات اقوام متحدہ کے کثیر الملکی مربوط مشن ( ایم آئی این یو ایس سی اے) کا دستے، بنگوئی میں ایک مشتبہ مجرم کی گرفتاری کے لیے تلاشی میں مصروف تھے کہ مسلح افراد نے ان پر حملہ کر دیا، جس میں امن دستے کا ایک اہلکار ہلاک جب کہ آٹھ دیگر زخمی ہو گئے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’’سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے امن مشن کے دستے پر حملے کی شدید مذمت کی اور جر م کا ارتکاب کرنے والوں کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔‘‘

انھوں نے مسلح گروپوں پر زور دیا کہ وہ امن مشن کی ’’غیر جانبداری کا احترام کریں‘‘۔

اقوام متحدہ کے امن مشن کو جمہوریہ وسطی افریقہ میں عام شہریوں کی حفاظت اور سیاسی تبدیلی میں مدد فراہم کرنے کے لیے ایک سال قبل، افریقن یونین کے امن مشن کی جگہ تعینات کیا گیا تھا۔

جمہوریہ وسطی افریقہ میں انتخابات اکتوبر میں ہونے جا رہے ہیں۔

2013ء میں یہ بحران اس وقت شروع ہوا جب مسلمان باغیوں نے صدر فرانسوا بوزيزے کی حکومت کو ہٹانے کے بعد بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کا ارتکاب کیا۔

لڑائی کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں عام مسلمان شہریوں کو ہمسایہ ممالک میں منتقل ہونا پڑا۔

XS
SM
MD
LG