رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ: ’داعش‘ کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور


قرارداد میں اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ ’داعش‘ کے خلاف جنگ میں تمام ضروری اقدامات کریں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر ایک قرار داد منظور کی ہے جس میں تمام ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ شدت پسند گروہ ’داعش‘ کےخلاف متحد ہوں۔

پیرس میں گزشتہ ہفتے ہونے والے دہشت گرد حملوں کے تناظر میں منظور کی گئی اس قرار داد میں ’داعش‘ کے خلاف کارروائیوں کو دگنا کرنے کا کہا گیا ہے۔

فرانس کی طرف سے تیار کی گئی اس قرار داد میں اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ ’داعش‘ کے خلاف جنگ میں تمام ضروری اقدامات کریں۔

پیرس میں دہشت گردوں کے ایک گروہ نے مختلف مقامات پر حملے کر کے 130 افراد کو ہلاک کر دیا تھا، ان حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

جب کہ پیرس حملوں سے قبل لبنان میں مہلک خودکش بم حملوں اور روس کے ایک مسافر طیارے کو بم سے تباہ کرنے کی ذمہ داری بھی’داعش‘ نے قبول کی تھی۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے متفقہ طور پر قرار داد کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے فرانس کے صدر فرانسواں اولاند نے کہا کہ اس سے ’داعش‘ کے خاتمے کے لیے تمام ممالک کو متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔

رواں ہفتے بدھ کو پیرس کے نواح میں سینٹ ڈینس کے علاقے میں مشتبہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک بڑی کارروائی کی گئی۔

کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس کارروائی کے بعد تین مشتبہ دہشت گرد مارے گئے جن میں حکام کے مطابق پیرس حملوں کا مبینہ منصوبہ ساز عبدالحمید اباعود بھی شامل تھا۔

جب کہ پیرس حملوں کے بعد فرانس نے شام میں ’داعش‘ کے ٹھکانوں کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کی ہیں۔

XS
SM
MD
LG