رسائی کے لنکس

امدادی سرگرمیوں کے لیے دستیاب وسائل ختم ہو رہے ہیں، اقوام متحدہ


اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ خیبر ایجنسی میں شدت پسندوں کے خلاف سرکاری فوج کی کارروائیوں کے باعث نقل مکانی کرنے والے پچاس ہزار سے زائد خاندانوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دستیاب مالی وسائل اس ماہ ختم ہو جائیں گے جس سے عالمی تنظیم کی امدادی سرگرمیاں معطل ہو سکتی ہیں۔

عالمی تنظیم کے امدادی ادارے ’اوچا‘ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختون خواہ کے شورش زدہ اضلاع اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں سے لڑائی کے باعث ہجرت کرنے والے خاندانوں کی دیکھ بھال کے لیے اقوام متحدہ کو اس سال 18 کروڑ ڈالر درکار ہیں۔

آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے کے اعلیٰ عہدیدار فیض محمد نے بتایا ہے کہ خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ سے اب تک اڑھائی لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں جن میں سے 50 ہزار عارضی خیمہ بستی جلوزئی میں مقیم ہیں جب کہ دیگر افراد خیبر پختون خواہ میں اپنے عزیز و اقارب یا کرائے کے مکانوں میں رہائش پزیر ہیں۔

انھوں نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توقعات کے برعکس نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

’’اندازہ تھا کہ 2012ء میں شاید 10 ہزار خاندان بے دخل ہوں گے لیکن چار مہینوں میں ہی 50 ہزار خاندان باڑہ تحصیل سے نقل مکانی کر کے باہر آ چکے ہیں۔ اتنے زیادہ لوگ آ گئے ہیں کہ نا تو وسائل فوری طور پر دستیاب تھے اور نا ہی منصوبہ بندی تھی۔ اس وجہ سے اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیمیں جو ہماری مدد کر رہی ہیں وہ بھی دباؤ محسوس کر رہے ہیں۔‘‘

فیض محمد نے کہا کہ محدود مالی وسائل کے باجود حکومت متاثرہ خاندانوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی جا ری رکھے گی تاہم انھوں اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ اقوام متحدہ کو مطلوبہ وسائل دستیاب ہو جائیں گے۔

افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے خیبرایجنسی شدت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے باعث جنوری ہی سے لوگوں نے محفوظ مقامات پر منتقل ہونا شروع کر دیا تھا اور گزشتہ تین ماہ میں اس عمل میں تیزی آئی۔

اقوام متحدہ کی ایک ترجمان (فائل فوٹو)
اقوام متحدہ کی ایک ترجمان (فائل فوٹو)



اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ خیبر ایجنسی اور دیگر قبائلی علاقوں سے بے دخل ہونے والے کل افراد کی تعداد ساڑھے چھ لاکھ ہے اور ان کو خوراک، صحت، تعلیم ، پانی اور عارضی پناہ گاہیں فراہم کرنے کے لیے فوری امداد کی ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG