رسائی کے لنکس

آزاد ریاست کی رکنیت کی درخواست اقوام متحدہ میں جمہ کو داخل کردی جائے گی، عباس


آزاد ریاست کی رکنیت کی درخواست اقوام متحدہ میں جمہ کو داخل کردی جائے گی، عباس
آزاد ریاست کی رکنیت کی درخواست اقوام متحدہ میں جمہ کو داخل کردی جائے گی، عباس

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے عالمی رہنما نیویارک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور خیال کیا جارہاہے کہ فلسطینیوں کی جانب سے اقوام متحدہ میں ایک آزاد ریاست کے طورپر اپنی رکنیت کی کوشش گفتگو کا ایک اہم موضوع رہے گی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پیر کے روز فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی اور انہیں آزاد فلسطینی ریاست کے یکطرفہ اعلان کے مقابلے میں مذاکرات سے مسئلہ حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ لیکن ،اقوام متحدہ کے ایک اعلامیے کے مطابق، صدر عباس اپنے موقف پر سختی سے قائم ہیں۔ صدر محمود عباس نے بعد ازاں اخباری نمائندوں کو بتایا کے آزاد ریاست کی رکنیت کی درخواست جمعہ کے روز اقوام متحدہ میں جمع کرادی جائیگی۔

اقوام متحدہ کے ان اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کے لیے توقع ہے ایک سوسے زیادہ ملکوں اور حکومتوں کے سربراہ اکھٹے ہوں گےجن کی توجہ غذائیت ، غیر وبائی امراض، زرخیر زمینوں کا صحراؤں میں بدلنے کا عمل، جوہری تحفظ ، لیبیا کا مستقبل اور فلسطینی ریاست کی رکنیت جیسے مسائل پر مرکوز رہے گی۔

فلسطین کے صدر محمود عباس نے پچھلے ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ فلسطین کو عالمی ادارے میں ایک مکمل ریاست کا درجہ دلانے کے لیے سلامتی کونسل کو درخواست دیں گے۔ ان کے اس اعلان کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے اجلاس سے قبل اسرائیل فلسطین تنازع پر مباحثہ شدت اختیار کرچکا ہے جس کی مخالفت میں امریکہ اور اسرائیل پیش پیش ہیں۔

فلسطینی اتھارٹی کے صدر مسٹر عباس جمعے کے روز اقوام متحدہ سے خطاب کررہے ہیں۔

توقع کی جاری ہے کہ لیبیا کی عبوری حکومت کے عہدے داروں کی پہلی بار نیویارک میں آمد کے باعث اقوام متحدہ کے موجودہ اجلاس میں اس ملک مستقبل بھی گفتگو کا اہم موضوع بن سکتاہے۔ اقوام متحدہ کے گذشتہ ہفتے عالمی ادارے میں لیبیا کی نشست قومی عبوری کونسل کو دینے کے حق میں ووٹ دے کر کرنل معمر قذافی کے کئی عشروں پر محیط اقتدار کے ختم ہونے کا اعلان کردیا تھا۔

امریکہ کے صدر براک اوباما اور کئی دوسرے عالمی راہنما قومی عبوری کونسل کے راہنما مصطفی عبدالجلیل کے ساتھ ملاقاتوں میں یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ کئی مہینوں تک جنگ کے عمل سے گذرنے والے اس ملک کی تعمیر نو کے سلسلے میں وہ ان کی کیا مدد کرسکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے موجودہ سیشن میں دنیا کے نقشے پر وجود میں آنے والا ایک نیا ملک جنوبی سوڈان بھی پہلی بار شریک ہوگا۔

اقوا م متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سیشن کا آغاز منگل سے ہورہاہے۔

XS
SM
MD
LG