رسائی کے لنکس

اقوامِ متحدہ: مالی میں امن فوج کی تعیناتی کی منظوری


مالی میں ایک سال کے عرصے کے لیے 11200 غیر ملکی فوجی اور 1440 پولیس اہلکارتعینات کیے جائیں گے۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے افریقی ملک مالی میں بین الاقوامی امن فوج کی تعیناتی کی منظوری دیدی ہے۔

جمعرات کو کونسل میں متفقہ طور پر منظوری کی جانے والی قرارداد کے تحت مالی میں ایک سال کے عرصے کے لیے 11200 غیر ملکی فوجی اور 1440 پولیس اہلکارتعینات کیے جائیں گے۔

قرارداد کے تحت مالی بھجوائے جانے والے اقوامِ متحدہ کے امن فوجی یکم جولائی تک وہاں پہلے سے موجود افریقی ممالک کے چھ ہزار فوجیوں کی جگہ سنبھال لیں گے۔

عالمی ادارے کے عہدیداران کے مطابق مالی میں پہلے سے سیکیورٹی کے فرائض انجام دینے والے افریقی فوجی دستوں میں سے بیشتر اقوامِ متحدہ کے امن مشن میں ضم ہوجائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال فوجی افسران کی جانب سے حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد مالی بدانتظامی اور ابتری کا شکار ہوگیا تھا جس کا فائدہ اٹھا کر طوارق النسل باغی اور 'القاعدہ' سے منسلک شدت پسند ملک کے وسیع شمالی حصے پر قابض ہوگئے تھے۔

مالی کی فوج کی اپیل پر دو ماہ قبل فرانس اور افریقی ممالک کے فوجی دستوں نے وہاں بڑی فوجی کاروائی کا آغاز کیا تھا جس کے بعد باغیوں سے بیشتر علاقے کا قبضہ چھڑا لیا گیا تھا۔

لیکن شمال کے بیشتر شہروں اور قصبوں سے باغیوں کو نکال دینے کے باوجود ملک میں ان کے حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

اقوامِ متحدہ میں تعینات مختلف ممالک کے سفیروں نے بتایا ہے کہ عالمی ادارے کی امن فوج مالی میں انسدادِ دہشت گردی کی کاروائیاں انجام نہیں دے گی بلکہ اس کا مشن شمالی علاقے کے شہروں اور قصبوں میں قیامِ امن اور ملک میں سیاسی قوتوں کو انتقالِ اقتدار کی نگرانی اور انسانی حقوق کی حفاظت تک محدود ہوگا۔
XS
SM
MD
LG