رسائی کے لنکس

براعظم افریقہ کی آبادی میں اضافے کی پیش گوئی


فائل
فائل

'یونیسیف' نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ 2050ء تک دنیا میں پیدا ہونے والے کل بچوں میں سے 41 فی صد صرف افریقہ میں پیدا ہوں گے

اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ آئندہ چار دہائیوں کے دوران براعظم افریقہ کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہوگا جو کئی مسائل کے ساتھ ساتھ نئے مواقع کو بھی جنم دے گا۔

اقوامِ متحدہ کے بچوں سے متعلق ادارے 'یونیسیف' نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ 2050ء تک دنیا میں پیدا ہونے والے کل بچوں میں سے 41 فی صد صرف افریقہ میں پیدا ہوں گے اور تب دنیا کے ہر چار افراد میں سے ایک افریقی باشندہ ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق افریقہ کی آبادی میں اس تیزی سے اضافے کی کئی وجوہات ہیں جن میں سرِ فہرست افریقہ کی موجودہ آبادی میں نوجوانوں کا تناسب ہے۔

'یونیسیف' کے مطابق اس وقت کم عمر بچوں کی تعداد کے اعتبار سے افریقی ممالک دنیا بھر میں سرِ فہرست ہیں اور آئندہ برسوں کے دوران یہ بچے بڑے ہو کر آبادی میں مزید اضافے کا سبب بنیں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افریقہ میں کئی وجوہات کی بنا پر شرحِ پیدائش ویسے ہی بلند ہے جب کہ افریقی ملکوں میں نوزائیدہ بچوں کی شرحِ اموات میں بھی کمی آرہی ہے جس کا مطلب ہے کہ ماضی کے مقابلے زیادہ بچے زندہ بچ کر بڑی عمر تک پہنچ رہے ہیں۔

'یونیسیف' کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے دیگر خطوں، خصوصاً ایشیا اور یورپ میں شرحِ پیدائش میں استحکام آرہا ہے لیکن افریقی ملکوں میں بچوں کی پیدائش کی بلند شرح کے باعث آئندہ 30 سے 50 برسوں میں دنیا کی آبادی میں قابلِ ذکر اضافہ ہوگا۔

رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ آئندہ دہائیوں میں سب سے زیادہ بچے مشرقی اور مغربی افریقی ممالک میں پیدا ہوں گے جہاں پہلے ہی سے شرحِ پیدائش خاصی بلند ہے۔

آبادی کے اعتبار سے افریقہ کے سب سے بڑے ملک نائجیریا کی آبادی میں اضافہ بدستور جاری رہے گا اور 2050ء تک افریقہ میں پیدا ہونےو الے ہر 10 بچوں میں سے ایک نائجیرین ہوگا۔

نائجیریا کی موجودہ آبادی ساڑھے 17 کروڑ ہے جو رپورٹ کے مطابق 2050ء تک 50 کروڑ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 35 برسوں کے دوران افریقی مائیں لگ بھگ دو ارب بچوں کو جنم دیں گی جنہیں صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہمی افریقی حکومتوں کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہوگی۔

'یونیسیف' نے اپنی رپورٹ میں افریقی ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ ابھی سے مستقبل میں پیش آنے والے ان حالات کی تیاری شروع کردیں۔

XS
SM
MD
LG