رسائی کے لنکس

ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی، اقوامِ متحدہ


اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور اس کے قبائلی علاقوں کے نظم و نسق کو تباہ کر رہا ہے۔

اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور اس کے قبائلی علاقوں کے نظم و نسق کو تباہ کر رہا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق ایک خصوصی تفتیش کار بین ایمرسن پاکستان کے قبائلی علاقوں پر امریکی ڈرون حملوں اور اس کے مقامی آبادی پر اثرات کی تحقیقات کر رہے ہیں اور انہوں نے رواں ہفتے بھی پاکستان کا تین روزہ دورہ کیا تھا۔

دورے سے واپسی پر جمعے کو اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے جنیوا میں قائم دفتر نے ایمرسن کا ایک بیان جاری کیا ہے جس میں پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔

بیان میں عالمی ادارے کے تفتیش کار نے کہا ہے کہ پاکستان میں جاری امریکی ڈرون مہم بین الاقوامی قانون کے خلاف ہے کیوں کہ اس میں نہ تو مقامی لوگوں کے منتخب نمائندوں کی مرضی شامل ہے اور نہ ہی پاکستان کی حکومت نے اس کی اجازت دی ہے۔

بیان میں بین ایمرسن نے کہا ہے کہ ان حملوں کے ذریعے امریکہ پاکستان کے علاقے میں اس کی مرضی کے خلاف طاقت استعمال کر رہا ہے جو کہ پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔

خیال رہے کہ بین ایمرسن نے رواں سال جنوری میں پاکستان، یمن، صومالیہ، افغانستان اور فلسطین میں ہونے والے 25 ڈرون حملوں کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

امکان ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کو ان حملوں سے متعلق اپنی حتمی رپورٹ اکتوبر تک پیش کردیں گے۔

یہ تحقیقات اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ہدایت پر کی جارہی ہیں جس سے پاکستان، روس اور چین سمیت کئی دیگر ممالک نے تحقیقات کرانے کی درخواست کی تھی۔
XS
SM
MD
LG