رسائی کے لنکس

انسانی حقوق کا معاملہ، شمالی کوریا پر دباؤ میں 'اضافہ'


پیر کو سلامتی کونسل کے 15 میں سے 11 ارکان نے شمالی کوریا کے معاملے کو ایجنڈے میں شامل کرنے کی حمایت کی۔ چاڈ اور نائیجیریا اس رائے شماری کے دوران غیر حاضر رہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پہلی بار شمالی کوریا کے انسانی حقوق کی مخدوش صورت حال کے معاملے پر پیر کو غور و خوض شروع کیا جو کہ شمالی کوریا اور اس کے رہنما کو ممکنہ طور پر انسانیت کے خلاف مبینہ جرائم کا ذمہ دار ٹھہرانے کے بار ے میں ایک اہم قدم ہے۔

شمالی کوریا کے سفارت کار کم سانگ نے چین اور روس کے اعتراضات کو نظر انداز کرتے ہوئے کیے جانے والے اس فیصلے کو مسترد کر دیا ہے اور امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو شمالی کوریا پر دباؤ بڑھانے کے لیے ایک سیاسی ہتھیار کے طور پر اٹھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے فیصلے پر کس طرح کے ردعمل کا اظہار کیا جائے گا اس کا فیصلہ شمالی کوریا کے دارالحکومت میں ہو گا۔

امریکی سفارت کار سمانتھا پاور نے شمالی کوریا کو "ایک خوفناک خواب" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ ملک میں ظلم و زیادتی کو ظاہر کرتی ہے۔

اقوام ِمتحدہ کی جانب سے قائم کیے گئے انکوائری کمیشن کی طرف سے فروری میں جاری کی گئی رپورٹ میں شمالی کوریا میں وسیع پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالی کی تفصیل بیان کی گئی تھی۔ اس میں حراستی مراکز، منظم تشدد، بھوکا رکھنا اور ہلاک کرنا شامل ہے جو نازی دور کے ظلم و زیادتی کے مترداف ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے گزشتہ ہفتہ شمالی کوریا پر بین الاقوامی توجہ کو اس وقت مبذول کرایا جب اس نے ایک اہم قرار داد کو منظور کیا جو سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ پیانگ یانگ کے انسانیت کے خلاف مبینہ جرائم کی بنا پر اس کو جرائم کی بین الاقوامی عدالت میں بھیجنے کے متعلق غور و غوض کرے۔

شمالی کوریا نے ملک سے فرار ہوکر کمیشن آف انکوائری کی مدد کرنے والے درجنوں شہریوں کو "قابل نفرت انسان" قرار دیا ہے۔

پیر کو سلامتی کونسل کے 15 میں سے 11 ارکان نے شمالی کوریا کے معاملے کو ایجنڈے میں شامل کرنے کی حمایت کی۔ چاڈ اور نائیجیریا اس رائے شماری کے دوران غیر حاضر رہے۔

اس سے پہلے سلامتی کونسل کی بحث صرف شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے معاملے تک محدود تھی تاہم اب اس میں انسانی حقوق کی بھی چھان بین کی جا سکے گی۔

اس بات کا امکان کم ہے کہ سلامتی کونسل میں شمالی کوریا کے معاملے کو جرائم کی بین الاقوامی عدالت میں بھیجنے کے متعلق رائے شماری ہو گی۔ چین جو کونسل کا ایک مستقل رکن ہے اس طرح کی کسی بھی کوشش کو ویٹو کر سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG