رسائی کے لنکس

اقوامِ متحدہ: یوکرین میں صدارتی انتخاب کا خیرمقدم


سلامتی کونسل میں روس کے سفیر وٹالے چرکن نے قرار دیا کہ انتخابات یوکرین کے مسائل کا "تریاق" نہیں۔
سلامتی کونسل میں روس کے سفیر وٹالے چرکن نے قرار دیا کہ انتخابات یوکرین کے مسائل کا "تریاق" نہیں۔

سلامتی کونسل کے تمام 15 ارکان نے صدارتی انتخاب میں پیٹرو پوروشینکوز کی کامیابی اور ان کی جانب سے ملک کے تمام طبقات سے رابطے کرنے کے عزم کا خیر مقدم کیا۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے یوکرین میں اتوار کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے کامیاب انعقاد کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے ملک میں تشدد کے خاتمے اور قیامِ امن پر زور دیا ہے۔

بدھ کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں کونسل کے تقریباً تمام 15 ارکان نے صدارتی انتخاب میں پیٹرو پوروشینکوز کی کامیابی اور ان کے اس بیان کا خیر مقدم کیا جس میں انہوں نے روس کے ساتھ ساتھ ملک کے تمام طبقات سے رابطے کرنے اور ان کے تحفظات دور کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

تاہم سلامتی کونسل میں روس کے سفیر وٹالے چرکن نے دیگر ارکان کی طرح یوکرین میں انتخابی عمل کے انعقاد کا گرم جوشی سے خیرمقدم کرنے سے گریز کرتے ہوئے قرار دیا کہ انتخابات یوکرین کے مسائل کا "تریاق" نہیں۔

کونسل سے خطاب کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کے نائب سیکریٹری جنرل برائے سیاسی امور جیفری فیلٹ مین نے ارکان کو بتایا کہ اتوار کو ہونے والے انتخابات میں 60 فی صد اہل رائے دہندگان نے ووٹ کا حق استعمال کیا۔

عالمی ادارے کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ انتخابات کی نگرانی کرنے والے بین الاقوامی مبصرین نے مشرقی علاقوں ڈونیسک اور لوہانسک میں علیحدگی پسندوں کی شورش کے باوجود انتخابی عمل کو قابلِ بھروسا قرار دیا ہے۔

جیفری فیلٹ مین نے کونسل کے ارکان کو بتایا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے یوکرین کے نومنتخب صدر کو ٹیلی فون کرکے مبارک باد دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیکریٹری جنرل نے نومنتخب صدر کے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے یوکرین کو درپیش سیاسی بحران کے حل اور کشیدگی میں کمی کے لیے تمام فریقین کے ساتھ بات چیت کے فوری آغاز کا عندیہ دیا ہے۔

جیفری فیلٹ مین کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یوکرین کے مشرقی علاقے میں روس نواز علیحدگی پسندوں اور یوکرینی فوج کے درمیان جاری لڑائی میں بھاری ہتھیاروں کے استعمال اور اسلحے اور جنگجووں سے لدے ٹرک یوکرین میں داخل ہونے کی اطلاعات پر گہری تشویش کااظہار بھی کیا ہے۔

کونسل سے خطاب کرتے ہوئے یوکرین کے سفیر یوری سرجیئوف کا کہنا تھا کہ پیٹرو پوروشینکوز کو ملک کے تمام علاقوں سے ووٹ ملے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوکرین کے عوام قومی اتحاد اور ملک کی وحدت برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

یوکرین کے سفیر نے روس سے مطالبہ کیا کہ وہ انتخابی نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے ملک میں مداخلت اور علیحدگی پسندی کے جذبات کو ابھارنے کی کوششیں فوری بند کردے۔
XS
SM
MD
LG