رسائی کے لنکس

انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا مدِ مقابل


انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا مدِ مقابل
انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا مدِ مقابل

بدھ کونیوزی لینڈ میں جاری انڈر19عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو دو وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ حاصل کر لی، جہاں ہفتے کو اُس کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔

سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.2 اووروں میں 205رن سکور کیے جِس میں فرنانڈو کے 52اور وِنابھانا کے 40رنز شامل تھے۔

آسٹریلیا کی طرف سے ہیزل وڈ نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 48.3 اووروں میں آٹھ وکٹ پر پورا کر کے کامیابی حاصل کی۔

آسٹریلیا کی طرف سے مارش نے 97 اور ٹرفتھ نے 50رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

انڈر 19سطح کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی اچھی کارکردگی کے بارے میں سابق ٹیسٹ فاسٹ باؤلر جلال الدین نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہی کیا کم ہے کہ ہماری ٹیم جونیئر عالمی کرکٹ کپ میں پہنچی ہے جو خوش آئند بات ہے۔

جلال الدین کے مطابق نچلی سطح پر ہمارے کھلاڑیوں کی اہلیت کسی بین الاقوامی جونیئر کھلاڑی کے مقابلے میں کسی طورپر کم نہیں ہوتی، چاہے آسٹریلیا ہویا جنوبی افریقہ، بلکہ ہمارے کھلاڑی ان سے ایک درجہ بہتر ہی ہوں گے:

‘فرق جاکے وہاں ہوتا ہے جب اِن جونیئر کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا معاملہ سامنے آتا ہے، جِس میں ہم پیچھے رہ جاتے ہیں، اور باہر کے کرکٹ کھیلنےوالے ملکوں میں خصوصی تربیت کے ذریعے اپنے جونئیر کھلاڑیوں کی اہلیت میں قابلِ قدر اضافہ کیا جاتا ہے۔’

اُنھوں نے کہا کہ دکھ کی بات یہ ہے کہ ہم ضروری تربیت نہ دے کر اپنے ہونہار ٹیلنٹ کو آگے چل کر کم ہنرمند بنا دیتے ہیں۔

جلال الدین نے کہا کہ اگر ہم کھلاڑیوں کی اہلیت بڑھانے پر توجہ دیں، داخلی کرکٹ درست ہوجائے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہمارے کھلاڑی آگے مقابلہ نہ کر سکیں۔

XS
SM
MD
LG