رسائی کے لنکس

انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ آسٹریلیا نے جیت لیا، فائنل میں پاکستان کو شکست


انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ آسٹریلیا نے جیت لیا، فائنل میں پاکستان کو شکست
انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ آسٹریلیا نے جیت لیا، فائنل میں پاکستان کو شکست

نیوزی لینڈ میں منعقدہ انڈر 19عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 25رنز سے ہرا کر عالمی چمپین کا اعزاز حاصل کر لیا۔

اِس طرح آسٹریلیا نے ثابت کیا کہ آسٹریلیائی کرکٹ کا ڈھانچہ انتہائی پختہ بنیادوں پر استوار ہے۔

ہفتے کو پاکستان انڈر 19کرکٹ ٹیم کے کپتان عظیم گھمن نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی جِس نے 50اوورں میں نو وکٹ پر 207رن سکور کیے، جِس میں رچرڈسن کے 44، فلوروز کے 35اور آرم سٹرانگ کے 37رن شامل تھے۔

پاکستان کی طرف سے سرمد بھٹی نے تین جب کہ فیاض بٹ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں، پاکستان کی انڈر 19ٹیم 46.4اوروں میں 182رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان کے کامیاب ترین بلے باز حماد اعظم فائنل میں کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہو گئے جب کہ کپتان عظیم گھمن نے 41 اور احمد شہزاد نے 36رنز سکور کیے۔

آسٹریلیا انڈر 19کرکٹ ٹیم کی طرف سے ہیزل ووڈ نے چاراور ڈیران نے تین وکٹ حاصل کیے۔

فائنل میں پاکستان انڈر 19کرکٹ ٹیم کی شکست کے بارے میں سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین نے خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ جب پاکستان بیٹنگ کرنے گیا تو اُس کا گیم پلان یہ تھا کہ ہم وکٹیں ہاتھ میں رکھیں گے۔ پھر ہوا یہ کہ نہ ہم وکٹ محفوظ رکھ سکے نہ ہی اُن پر کسی مرحلے پر تھوڑا سا بھی اٹیک کر پائے:

‘پلاننگ کا فقدان نظر آیا۔ 207رن بنائے جا سکتے تھے۔ جب پہلا پلان کامیاب نہیں ہوا تو کہیں نہ کہیں اِسے تبدیل کرنا چاہیئے تھا۔ کسی مرحلے پر تھوڑا سا اٹیک کرنا چاہیئے تھا۔ یہ ساری چیزیں ہم نے نہیں کیں۔’

دوسری طرف پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ اتوار کو پَرتھ میں کھیلا جا رہا ہے۔ آسٹریلیا کو پہلے ہی سیریز میں چار صفر کی برتری حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG