رسائی کے لنکس

پالمیرا کی تباہی 'جنگی جرم' ہے: یونیسکو


یونیسکو کی سربراہ کا کہنا تھا کہ داعش لوگوں کو قتل اور آثار قدیمہ کو تباہ کر رہی ہے لیکن "وہ تاریخ کو خاموش نہیں کروا سکتے اور بالآخر اس عظیم ورثے کو دنیا کے ذہنوں سے محو کرنے میں ناکام ہو گی۔"

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس، ثقافت اور تعلیم "یونیسکو" کی سربراہ نے کہا کہ شام میں قدیم پالمیرا کے آثار قدیمہ کو شدت پسند داعش کے ہاتھوں تباہ کیا جانا ایک "جنگی جرم" ہے۔

اطلاعات کے مطابق شدت پسندوں نے اتوار کو بالشامن کی دو ہزار سال پرانی عبادت گاہ کے آثار کو تباہ کر دیا تھا جب کہ اس سے ایک ہفتہ قبل ہی انھوں نے دہائیوں تک پالمیرا کے آثار قدیمہ کی دیکھ بھال کرنے والے ماہر خالد اسد کا سر قلم کر دیا تھا۔

یونیسکو کی سربراہ ارینا بوکووا کہتی ہیں کہ "پالیمرا کا فن اور تعمیرات متعدد تہذیبوں کا مظہر ہے، یہ شام کی تاریخ کے بہت سے مدارج کی علامت ہے۔ انتہا پسند اسے تباہ کر رہے ہیں۔۔۔ میں عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہوں وہ تہذیب کا یہ صفایا کیے جانے کے خلاف متحد ہو کر کھڑی ہو۔"

ان کا کہنا تھا کہ داعش لوگوں کو قتل اور آثار قدیمہ کو تباہ کر رہی ہے لیکن "وہ تاریخ کو خاموش نہیں کروا سکتے اور بالآخر اس عظیم ورثے کو دنیا کے ذہنوں سے محو کرنے میں ناکام ہو گی۔"

حزب مخالفین نے عرب ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ داعش نے بالشامن کے معبد کو کئی ہفتوں پہلے تباہ کر دیا تھا۔ وائس آف امریکہ اس کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں کر سکا ہے۔

داعش کے جنگجوؤں نے اس تاریخی شہر پر رواں سال مئی میں قبضہ کیا تھا اور یہاں تقریباً دو سو سے زائد لوگوں کو قتل کردیا تھا۔

XS
SM
MD
LG