رسائی کے لنکس

افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستان کی تعریف


انتونیو گوئترز (فائل فوٹو)
انتونیو گوئترز (فائل فوٹو)

یو این ایچ سی آر کے سربراہ انتونیو گوئترز کے بقول اس کے باوجود یو این ایچ سی آر پناہ گزینوں کے مسئلے سے نمٹنے کےلیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین "یو این ایچ سی آر" کے سربراہ انتونیو گوئترز نے افغان پناہ گزینوں کو سہولتیں فراہم کرنے پر پاکستان کی تعریف کی ہے۔

منگل کو پشاور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خطے میں موجود افغان پناہ گزینوں کے مسئلے کا پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے یہ سال بہت اہم ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان کا ادارہ مالی طور پر زیادہ معاونت نہیں کر پارہا کیونکہ دنیا بھر میں پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جب کہ مالی وسائل وہی ہیں۔

لیکن گوئترز کے بقول اس کے باوجود یو این ایچ سی آر پناہ گزینوں کے مسئلے سے نمٹنے کےلیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

یو این ایچ سی آر کے سربراہ تین روزہ دورے پر پاکستان میں ہیں۔

اس موقع پر سرحدی امور اور ریاستوں کے وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے ایک بار پھر افغان پناہ گزینوں کی باعزت انداز میں وطن واپسی کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان میں گزشتہ تین دہائیوں سے زائد عرصے سے پڑوسی ملک افغانستان کے لوگ پناہ لیے ہوئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں اندراج شدہ افغان پناہ گزینوں کی تعداد تقریباً 16 لاکھ ہے جب کہ اتنی ہی تعداد میں لوگ بغیر اندراج کے غیر قانونی طور پر رہ رہے ہیں۔

دریں اثناء انتونیو گوئترز نے منگل کو پشاور میں شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال میں شعبہ حادثات کے ایک یونٹ کا افتتاح کیا۔

اس نئے بلاک سے ہر سال تقریباً ساڑھے نو ہزار مریض مستفید ہوں گے جن میں 25 فیصد افغان پناہ گزین بھی شامل ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG