رسائی کے لنکس

مسافر کی یونائیٹڈ ایئرلائنز کے خلاف عدالتی چارہ جوئی کی درخواست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی فضائی کمپنی یونائیٹڈ ایئر لائنز کے ایک مسافر، جسے شکاگو کے ہوائی اڈاے سے جہاز سے گھیسٹ کر باہر نکالا گیا تھا، اُن کے وکلاء نے بدھ کو الینوائے کی ایک عدالت سے رجوع کرتے ہوئے فضائی کمپنی کو اس واقعہ سے متعلق شواہد اور ریکارڈنگ کو محفوظ بنانے کا پابند بنانے کی درخواست کی ہے۔

وکلاء نے اپنے موکل ڈاکٹر ڈیوڈ ڈاؤ کے خلاف "شدید تعصب" کے خدشہ کا حوالہ دیتے ہوئے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ یونائیٹڈ ایئر لائنز اور شکاگو شہر کے حکام کو پابند کیا جائے کہ وہ وڈیوز، کاک پیٹ کی وائس ریکارڈنگ، مسافروں و عملے کی فہرستوں اور یونائیٹڈ ائیر لائنز کی پرواز 3411 سے متعلق مواد کو محفوظ کریں۔

شکاگو کے شہری ہوا بازی کے محکمہ نے بدھ کو کہا کہ 9 اپریل کو پیش آنے والے واقعہ کی بنا پر دو دیگر عہدیداروں کو بھی چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔

اس واقعہ کے دوران ہوائی اڈے کے سکیورٹی عہدیداروں نے کینٹکی کے شہر لوئے ول کی طرف پرواز کرنے والے یونائیٹڈ ائیر لائنز کے ہوائی جہاز پر موجود مسافر ڈاؤ کو اُن کی سیٹ سے گھسیٹ کر باہر نکالا۔

یونائیٹڈ ائیر لائنز کے چیف ایگزیکٹو آسکر منوز نے بدھ کو 'اے بی سی نیوز' کے ساتھ ایک انٹرویو میں ڈاؤ، ان کے خاندان اور یونائیٹڈ ائیر لائنز پر سفر کرنے والوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی اپنی پروازیں سے مسافروں کو ہٹانے کے لیے قانون کا نفاذ کرنے والے عہدیداروں کو استعمال نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ "ایسا دوبارہ کبھی بھی نہیں ہو گا۔"

ڈاؤ کے ساتھ فضائی کمپنی اور ایئرپورٹ کی سکیورٹی کے ذمہ دار عملے کے ناروا برتاؤ سے متعلق سامنے آنے والی وڈیوز کی وجہ سے عوامی سطح پر پیدا ہونے والے منفی تاثر کو دور کرنے کے لیے فضائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو دباؤ کا سامنا ہے۔

یونائیٹڈ ائیر لائنز نے کہا کہ ڈاؤ کو عملے کے اضافی ارکان کو بٹھانے کے لیے (جہاز) سے ہٹایا گیا تھا۔

اس واقعہ کی ویڈیو فوٹیج میں ڈاؤ زخمی اور پریشان حال دکھائی دیئے، اور وہ جہاز کے اندر واپس آتے ہوئے بار بار یہ کہہ رہے ہیں کہ "مجھے مار دو، مجھے مار دو۔۔۔ مجھے گھر جانا ہے" ۔

ان کے وکیل نے کہا کہ ڈاؤ منگل تک شکاگو کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔

یونائیٹد ائیر لائنز نے بدھ کو کہا کہ یہ اس پرواز پر موجود تمام مسافروں کو ان کے ٹکٹوں کی رقم واپس کر دے گی۔

XS
SM
MD
LG