رسائی کے لنکس

نو فوجی عدالتوں کے قیام کے عمل کا آغاز کر دیا گیا: فوج


فائل
فائل

'آئی ایس پی آر' کے بیان کے مطابق پہلے مرحلے میں ملک بھر میں نو فوجی عدالتیں قائم کی جا رہی ہیں۔

پاکستانی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر میں پہلے مرحلے میں نو فوجی عدالتیں قائم کی جا رہی ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ 'آئی ایس پی آر' کی جانب سے جمعے کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ضروری قانون سازی کے بعد ملک میں فوجی عدالتوں کے قیام کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق پہلے مرحلے میں ملک بھر میں نو فوجی عدالتیں قائم کی جا رہی ہیں جن میں سے تین، تین صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا، دو سندھ اور ایک بلوچستان میں قائم ہوگی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ عدالتیں "جلد" کام شروع کردیں گی تاہم 'آئی ایس پی آر' کے بیان میں عدالتوں کے کام شروع کرنے کی حتمی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ صدر ممنون حسین نے بدھ کو اکیسویں آئینی ترمیم کے بل پر دستخط کیے تھے جسے ایک روز قبل پارلیمان کے دونوں ایوانوں نے منظور کیا تھا۔ آئینی ترمیم کے تحت ملک میں فوجی عدالتوں کے قیام کی منظوری دی گئی تھی۔

دہشت گردی سے متعلق مقدمات کی سماعت کے لیے فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ گزشتہ سال 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد کیا گیا تھا جس میں 100 سے زائد طلبہ اور اساتذہ ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG