رسائی کے لنکس

یوراگوئے نے انگلینڈ کو 1-2 سے ہرادیا


ساؤ پولو میں کھیلے جانے والے میچ میں یوراگوئے کی جانب سے دونوں گول اسٹرائیکر لوئی سواریز نے کیے جو انگلش ٹیم پر قہر بن کر ٹوٹے۔

برازیل میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ-ڈی کے ایک میچ میں یوراگوئے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیدی ہے۔

جمعرات کو ساؤ پولو میں کھیلے جانے والے میچ میں یوراگوئے کی جانب سے دونوں گول اسٹرائیکر لوئی سواریز نے کیے جو انگلش ٹیم پر قہر بن کر ٹوٹے۔

سواریز نے پہلا گول 39 ویں منٹ میں کیا جس کا جواب انگلش کھلاڑی وین رونی نے دوسرے ہاف میں دے کر میچ برابر کردیا۔

رونی کا ورلڈ کپ میں یہ پہلا گول تھا۔ میچ کےاختتام سے پانچ منٹ قبل سواریز نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

آج کے میچ میں فتح کے بعد انگلینڈ بغیر کسی پوائنٹ کے گروپ میں چوتھے نمبر پر ہے جب کہ یوراگوئے، اٹلی اور کوسٹاریکا کے تین، تین پوائنٹس ہیں۔

انگلینڈ کو اپنے پہلے میچ میں اٹلی کے ہاتھوں شکست اٹھانی پڑی تھی اور اب اس کا دوسرے راؤنڈ تک پہنچنا خاصا مشکل ہوگیا ہے۔

اس سے قبل جمعرات کو ہونے والے پہلے میچ میں کولمبیا نے آئیوری کوسٹ کو 1-2 سے ہرادیا تھا۔

جمعرات کو ہونے والا تیسرا میچ گروپ 'سی' کی ٹیموں یونان اور جاپان کے درمیان تھا جو بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
XS
SM
MD
LG