رسائی کے لنکس

افغانستان کے لیے اہم غیر نیٹو اتحادی ملک کا درجہ


امریکی وزیر خارجہ غیر اعلانیہ دورے پر کابل پہنچی ہیں
امریکی وزیر خارجہ غیر اعلانیہ دورے پر کابل پہنچی ہیں

ہلری کلنٹن نے کہا کہ اس اعزاز سے امریکہ کی اس ملک کے ساتھ وابستگی کی عکاسی ہوتی ہے اور ان کا ملک افغانستان سے ترک تعاون کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔

امریکہ نے افغانستان کو اہم غیر نیٹو اتحادی ملک قرار دیا ہے۔ یہ اعلان امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے ہفتہ کو کابل کے غیر اعلانیہ دورے کے موقع پر کیا۔

افغانستان کو اہم غیر نیٹو ملک کی حیثیت سے اسے امریکہ کی جانب سے ہتھیاروں کی برآمد اور دفاعی شعبے میں تعاون حاصل رہے گا۔

افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات کے بعد ہلری کلنٹن نے کہا کہ افغانستان کے لیے اس اعزاز سے امریکہ کی اس ملک کے ساتھ وابستگی کی عکاسی ہوتی ہے اور ان کا ملک افغانستان سے ترک تعاون کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔

افغانستان 15 واں ایسا ملک ہے جسے امریکہ نے اہم غیر نیٹو اتحادی ملک کا درجہ ہے دیا۔ اس سے قبل اس فہرست میں مصر، آسٹریلیا، جاپان اور اسرائیل کا نام بھی شامل ہے۔

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن دورہ کابل کے بعد جاپان جائیں گی جہاں اتوار سے ٹوکیو میں افغانستان کے مستقبل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گی۔

ٹوکیو کانفرنس میں 2014ء کے اختتام پر افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد کابل سے تعاون جاری رکھنے کے معاملات پر غور کیا جائے گا۔

اس اجلاس کے موقع پر امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن اپنی پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر سے بھی ملاقات کریں گی جس میں دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے پر بات چیت کی جائے گی۔

سات ماہ کی بندش کے بعد پاکستان کے راستے افغانستان میں نیٹو افواج کے لیے رسد کی بحالی کے فیصلے کے بعد ہلری کلنٹن اور حنا ربانی کھر کی یہ پہلی ملاقات ہو گی جسے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

افغانستان کے مستقبل کے بارے میں ٹوکیو میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں 70 سے زائد ممالک اور عالمی تنظیموں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ کانفرنس کے شرکاء افغانستان کے سالانہ ترقیاتی فنڈ کے لیے چار ارب ڈالر دینے کا وعدہ کریں گے۔
XS
SM
MD
LG