رسائی کے لنکس

امریکی خاتونِ اول کے پانچ روزہ دورہ افریقہ کا آغاز


امریکی خاتون اول مشیل اوباما
امریکی خاتون اول مشیل اوباما

امریکی خاتونِ اول مشیل اوباما کے پانچ روزہ دورہ افریقہ کا آغاز منگل کے روز جنوبی افریقہ کے دارالحکومت جوہانسبرگ سے ہورہا ہے۔

امریکی خاتونِ اول جوہانسبرگ میں 'نیلسن منڈیلا فائونڈیشن' کے صدر دفتر کا دورہ کریں گی جہاں ان کی جنوبی افریقہ کے سابق صدر کی اہلیہ گراسا میشل سے ملاقات طے ہے۔ مشیل اوباما اپنے دورے کے دوران جنوبی افریقہ میں نسل پرستی کے دور سے متعلق عجائب گھر بھی جائیں گی۔

اپنے دورہ افریقہ کے پہلے مرحلے میں امریکی خاتونِ اول اپنی دونوں صاحبزادیوں مالیا اور ساشا کے ہمراہ پیر کی شب جنوبی افریقہ کے شہر پریٹوریا پہنچی تھیں۔ اس دورے میں امریکی خاتونِ اول کی والدہ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

مشیل اوباما کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دورے کے دوران نوجوان افریقیوں کی حوصلہ افزائی کریں گی تاکہ وہ اپنے برِ اعظم کے غربت، بیماریوں اور ماحولیاتی تبدیلیوں جیسے مسائل کے حل کے لیےراہنما کردار ادا کریں۔ روانگی سے قبل امریکی خاتونِ اول کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دورے کے دوران تعلیم اور صحت کی اہمیت کو بھی اجاگر کریں گی۔

جنوبی افریقہ میں اپنی موجودگی کے دوران مسز اوباما صدر جیکب زوما اور آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو سے بھی ملاقات کریں گی۔

جوہانسبرگ میں امریکی خاتونِ اول ایچ آئی وی اور ایڈز کے خلاف جدوجہد کرنے والی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کے علاوہ سب صحارا افریقہ میں جاری سماجی اور معاشی منصوبوں کے موضوع پر امریکی تعاون سے منعقد ہونے والے ایک فورم میں نوجوان افریقی خواتین سے بھی خطاب کریں گی۔

مشیل اوباما کے دورہ افریقہ کا اختتام بوٹسوانا کے دو روزہ دورے پر ہوگا۔

امریکی خاتونِ اول کا حالیہ دورہ افریقہ ان کا اپنے خاوند کے بغیر دوسرا سرکاری غیر ملکی دورہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے گزشتہ برس میکسیکو کا دورہ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG