رسائی کے لنکس

القاعدہ کے مبینہ سرغنے، بالمختار پر فردِ جرم عائد


بالمختار کو گرفتار نہیں کیا جا سکا اور امریکہ نے اُن کی کمین گاہ کے بارے میں اطلاع دینے پر 50 لاکھ ڈالر انعام کی پیش کش کر رکھی ہے

حکومتِ امریکہ نے مختار بالمختار کے خلاف فردِ جرم عائد کردیا ہے۔ اُن پر الزام ہے کہ اُنھوں نے پیٹرول صاف کرنے والی الجیریائی تنصیب پر حملہ کیا تھا جس میں بیسیوں افراد ہلاک ہوئے، جِن میں تین امریکی بھی شامل ہیں۔

محکمہٴانصاف کی طرف سے جمعے کے روز نیویارک میں اُن کے خلاف الزامات دائر کیے گئے۔

الجیریا میں پیدا ہونے والے بالمختار پر الزام ہے کہ اُنھوں نے اسلامی مغرب میں القاعدہ کے ایک راہنما کے طور پر دہشت گرد کارروائیاں کیں۔

اُن پر اغوا، بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے استعمال کی سازش اور القاعدہ کو مادی امداد فراہم کرنے کے الزامات ہیں۔ الزام ثابت ہونے کی صورت میں اُنھیں زیادہ سے زیادہ قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

جنوری میں دہشت گردوں نے، جِن پر شبہ ہے کہ وہ بالمختار کےحواری تھے، الجیریا میں پیٹرول صاف کرنے والی ایک تنصیب پر حملہ کرکے، الجیریا اور بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کارکنوں کو اغوا کر لیا تھا۔

الجیریائی حکومت کی افواج کی طرف سے تنصیب کے قبضے کو خالی کرانے تک 30سے زائد مغویوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔ القاعدہ کی طرف سے اس حملے کی ذمہ داری بالمختار نے قبول کی تھی۔

بالمختار کو گرفتار نہیں کیا جا سکا اور امریکہ نے اُن کی کمین گاہ کے بارے میں اطلاع دینے پر 50 لاکھ ڈالر انعام کی پیش کش کر رکھی ہے۔

جمعے ہی کے روز القاعدہ کے مارے گئے راہنما، اسامہ بن لادن کے داماد کے وکلا نے ایک وفاقی عدالت سے استدعا کی کہ سلیمان ابو غیث کے خلاف دہشت گردی کے الزامات خارج کیے جائیں۔

سلیمان ابو غیث کے وکلا نے تحاریک پیش کیں، جِن میں کہا گیا ہے کہ مبینہ طور پر اُن کے خلاف ایسے ہتھکنڈے استعمال کیے گئے ہیں جو اذیت کے زمرے میں آتے ہیں، اور یہ کہ اُنھیں غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا ہے؛ اور مقدمہ فوری طور پر چلائے جانے کے اُن کے حق کی انحرافی کی گئی ہے۔

امریکی اہل کاروں نے ابو غیث کو فروری میں اردن سے پکڑا تھا۔

اُن پر الزام ہے کہ وہ القاعدہ کے ایک ترجمان کے طور پر کام کر رہا تھا، اور یہ کہ اُنھوں نے امریکیوں کو ہلاک کرنے کی سازش تیار کی تھی۔

اِس وقت وہ نیو یارک میں زیر حراست ہیں؛ اور اُنھیں مقدمے کی سماعت کا انتظار ہے۔
XS
SM
MD
LG