رسائی کے لنکس

الزائمر کی تحقیق کے لیے پانچ کروڑ ڈالر کا فنڈ


الزائمر کی تحقیق کے لیے پانچ کروڑ ڈالر کا فنڈ
الزائمر کی تحقیق کے لیے پانچ کروڑ ڈالر کا فنڈ

امریکہ الزائمر پر قابو پانے کے لیے نئے اقدامات کررہاہے۔ دماغ کے خلیوں کو تباہ کرنے والے اس مرض میں لاکھوں امریکی مبتلا ہیں۔

حکومت نے الزائمر کے مرض کی روک تھام سے متعلق جدید تحقیق کے لیے فوری طورپر پانچ کروڑ ڈالر فراہم کررہی ہے۔

اس سال اکتوبر میں شروع ہونے والی اس سائنسی تحقیق کے لیے 2013ء کے مالی سال کے دوران آٹھ کروڑ ڈالر دیے جائیں گے۔

واشنگٹن میں منگل کو کیے جانے والے اعلان میں کہا گیا ہے کہ الزائمر سے متعلق لوگوں میں آگہی بیدار کرنے اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کی مدد کے لیے مزید دوکروڑ 60 لاکھ ڈالر مہیا کیے جائیں گے۔

اعدادوشمار کے مطابق اس وقت امریکہ میں الزائمر سے متاثرہ افراد کی تعداد 50 لاکھ سے زیادہ ہے اور یہ خدشہ موجود ہے کہ 2050ء میں بڑی عمر کے امریکی باشندوں میں یہ تعداد دو گنا ہوجائے گی۔

صحت اور انسانی بھلائی کی خدمات کے امریکی محکمے کی سربراہ کیتھرین سبیلیوس کا کہناہے کہ اوباما انتظامیہ الزائمر کے خلاف جنگ کو قومی اہمیت کے ایک اولین مسئلے کے طورپر دیکھ رہی ہے۔

الزائمر کا مرض آہستہ آہستہ انسانی یاداشت اور سوچ بچار کی صلاحیتوں کو تباہ کردیتا ہے۔ اس مرض کے نتیجے میں بہت سے افراد اپنے روزمرہ کے عام کاج کے بھی قابل نہیں رہتے۔ انہیں تازہ ترین واقعات تک بھول جاتے ہیں اور وہ اپنے قریبی عزیزوں اور دوستوں تک کو پہچاننے کے قابل نہیں رہتے۔ اور بالآخر دماغ کے خلیوں کی تباہی کا تسلسل انہیں موت کے منہ میں دھکیل دیتاہے۔

XS
SM
MD
LG