رسائی کے لنکس

امریکہ آسٹریلیا دفاعی مذاکرات، ہلری پرتھ پہنچ گئیں


امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن آسٹریلیا کے دورے پر
امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن آسٹریلیا کے دورے پر

دفاعی منصوبے کے ایک حصے کے طورپر امریکہ ، آسٹریلیا کے شمال میں ایک فوجی مرکز پر اپنے 2500 میرین تعینات کرے گا۔

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن آسٹریلیا کے دورے پر پرتھ پہنچ گئی ہیں جہاں وہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور سیاسی تعاون میں اضافے کے موضوعات پر مذاکرات میں حصہ لیں گی۔

وزیر خارجہ کلنٹن منگل کے روز آسٹریلیا کے وزیر اعظم جولیا گلارڈ سے ملاقات کررہی ہیں۔ بعدازاں وہ امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا کے ساتھ بدھ کو دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات میں شرکت کریں گی۔

یہ اجلاس گذشتہ سال کے اس اعلان کے بعد اس سلسلے کا پہلا اجلاس ہے جس میں امریکہ نے کہا تھا کہ وہ ایشیا میں اپنی فوجی موجودگی میں توازن قائم کرنا چاہتاہے۔

اس منصوبے کے ایک حصے کے طورپر امریکہ ، آسٹریلیا کے شمال میں ایک فوجی مرکز پر اپنے 2500 میرین تعینات کرے گا۔

عہدے داروں کا کہناہے کہ اس ہفتے کے مذاکرات زیادہ تر آسٹریلیا کی فوجی تنصیبات کے استعمال میں اضافے پر مرکوز ہوں ، جب کہ علاقائی سیکیورٹی کے امور بھی زیر بحث آنے کی توقع کی جارہی ہے۔

دونوں ممالک افغانستان میں جاری جنگ کے خاتمے پر بھی گفتگو کریں گے۔

افغانستان میں آسٹریلیا کے 1550 فوجی موجود ہیں جو کہ اس مہم میں نیٹو ممالک سے باہر کے کسی ملک کی جانب سے سب سے بڑا حصہ ہے۔

آسٹریلیا میں اپنے دورے کے اختتام کے بعد وزیر خارجہ کلنٹن جمعے کو سنگاپور پہنچیں گی، جس کے بعد وہ صدربراک اوباما کے جنوبی ایشیائی ممالک کے دورے میں ان کے ساتھ شریک ہوجائیں گی۔
XS
SM
MD
LG