رسائی کے لنکس

امریکہ میں آٹو انڈسٹری کی بحالی ایک مثبت اشارہ ہے: جوبائیڈن


امریکہ میں آٹو انڈسٹری کی بحالی ایک مثبت اشارہ ہے: جوبائیڈن
امریکہ میں آٹو انڈسٹری کی بحالی ایک مثبت اشارہ ہے: جوبائیڈن

اوباما انتظامیہ نے کہا کہ موٹر گاڑیوں کی صنعت کی بحالی، ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آنے کی جانب ایک واضح اشارہ ہے۔

ہفتے کے روز اپنے ہفتے وار خطاب میں نائب صدر جوبائیڈن نے کہا کہ موٹر گاڑیوں کی کمپنی کرائسلر کارپوریشن نے حکومت کی جانب سے دیا جانے والا قرضہ مقررہ معیاد سے چھ سال قبل ہی اس ہفتے ادا کردیا ہے اور معاشی بحالی کے حکومتی قرضے کے پروگرام سے فائدہ اٹھانے والی ایک اور بڑی موٹر کمپنی فورڈ اب ہزاروں نئے کارکن ملازم رکھ رہی ہے۔

نائب صدر نے کہا کہ مسٹر اوباما اس پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں کہ امریکی اپنے کام پر دوبارہ واپس چلے جائیں تاکہ وہ اپنے خاندانوں کی کفالت کرسکیں۔

نائب صدر بائیڈن نے کہا کہ میموریل ڈے قریب آگیا ہے اور یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنے فوجیوں کے خاندانوں کی مدد کریں ۔

نائب صدر نے کہا کہ ہمیں ان خواتین اور مردوں کو احترام کے ساتھ یاد کرنا چاہیے جنہوں نے ملک کی حفاظت اور آزادی کے لیے اپنی جانو ں کے نذرانے پیش کیے۔

ری پبلیکن پارٹی کی جانب سے ہفتے وار خطاب میں ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والے ری پبلیکن نمائندے ایرک کینٹر بھی اپنی تقریر میں امریکیوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی حفاظت اور آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والی خواتین اور مردوں کو میموریل ڈے پر یاد رکھیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وقت آگیا ہے کہ حکومت لوگوں کے روزگار فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔

ایوان میں اکثریت پارٹی کے راہنما نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ٹیکس کم کرے اور ان قواعد میں تبدیلی لائے جن سے کاروباروں کو نقصان پہنچ رہاہے۔

انہوں نے اوباما انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ دوسرے کئی ملکوں کے ساتھ التوا میں پڑے ہوئے تجارتی معاہدے مکمل کرے اور امریکہ میں توانائی کے نئے وسائل تلاش کرنے پر توجہ دے۔

XS
SM
MD
LG