رسائی کے لنکس

یوم آزادی کے موقع پر نائب صدر عراق میں


امریکی نائب صدر جو بائیڈن امریکہ کا 234 واں یوم آزادی عراق میں تعینات امریکی فوجیوں کے ساتھ منا رہے ہیں۔

اتوار کے روز نائب صدر بائیڈن کی مصروفیات میں عراقی وزیر اعظم نوری المالکی اوراس عہدے کے لیے ان کے مد مقابل ایاد آلاوی سے ملاقاتیں شامل ہیں۔ وہ عراقی صدر جلال طالابانی سے ملاقات کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔

نائب صدر بائیڈن نے ہفتے کے روز نامہ نگاروں کو بتایا کہ اْن کو امید ہے کہ عراق میں ایک نمائندہ حکومت تشکیل دی جائے گی۔

عراق میں مارچ کے پارلیمانی انتخابات میں کسی سیاسی جماعت کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہو سکی تھی اور اس وجہ سے حکومت سازی کے عمل میں سیاسی جماعتوں کے درمیان نوک جھونک جاری ہے۔ انتخابات کے بعد سے عراق میں پر تشدد کارروائیوں کے ایک نئے سلسلے کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔

مبصرین اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ شدت پسند حکومت کی تشکیل میں اس سیاسی تعطل کا فائدہ اٹھا تے ہوئے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بگاڑ نا چاہتے ہیں جو ملک سے امریکی فوج کے انخلاء کے عمل کو متاثر کر سکتی ہے۔

امریکی صدر براک اوباما نے اس سال ستمبر تک لڑائی میں شریک تمام امریکی فوجیوں کی عراق سے واپسی کا حکم دیا ہے جس کہ بعد اس ملک میں 50,000 امریکی فوجی باقی رہ جائیں گے۔ ایک معاہدے کے تحت امریکہ کو 2011ء کے اواخر تک اپنے تما م فوجی عراق سے نکالنے ہیں۔

XS
SM
MD
LG