رسائی کے لنکس

عالمی ادارہ تجارت میں چین کے خلاف شکایات


امریکہ، یورپی یونین اور جاپان نے الزام عائد کیا ہے کہ چین نے غیر منصفانہ طور پر ان نایاب قدرتی معدنیات کی برآمد محدود کردی ہے جنہیں اعلیٰ درجے کی جدید تیکنیکی مصنوعات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔

امریکہ، جاپان اور 27 رکنی یورپی یونین نے تنازع کے حل کے لیے منگل کو تجارت کی عالمی تنظیم 'ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن' کے جنیوا میں واقع مرکزی دفتر میں چین کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔

درخواست گزاران نے 'ڈبلیو ٹی او' کے روبرو موقف اختیار کیا ہے کہ نایاب دھاتوں کی 95 فی صد تجارت پر قابض چین نے ان کی برآمد پر قدغنیں عائد کردی ہیں جو عالمی تجارت کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

بیجنگ حکومت نے مغربی ممالک کے اس الزام کو مسترد کیا ہے۔

'ریئر ارتھ' نامی یہ نایاب دھاتیں ہموار سطح والے ٹیلی ویژن سیٹ، اسمارٹ فون، ہائبرڈ کاریں، جدید ہتھیار، ہوا سے بجلی بنانے والے ٹربائن اور مختلف کاموں میں ستعمال ہونے والی چھوٹی موٹریں بنانے میں استعمال کی جاتی ہیں۔

چین کا کہنا ہے کہ وہ 'ڈبلیو ٹی او' کی اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے یہ معدنیات برآمد کرتا ہے۔

لیکن امریکی محکمہ تجارت کے عہدیدار رون کرک کہتے ہیں کہ چین نے حالیہ برسوں کے دوران میں ان معدنیات کی برآمد محدود کردی ہے جس کے باعث چینی کمپنیوں کو جدید ٹیکنالوجی کی حامل مصنوعات کی تیاری میں غیر منصفانہ فائدہ پہنچ رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG