رسائی کے لنکس

امریکہ اور چین کا حساس معاملات پر اختلافات کو کم کرنے کا عزم


جان کیری نے کہا کہ واشنگٹن کا خیال ہے کہ امریکہ اور چین کو "سائبر دنیا میں ریاست کے مناسب طرز عمل" کو ترقی دینے اور اس پر عمل درآمد کے لیے مل کر کام کرنا چاہیئے۔

امریکہ اور چین کے درمیان واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات بدھ کو ختم ہو گئے۔ ان مذاکرات کے خاتمے پر دونوں ممالک نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تعاون بڑھانے اور سائبر سکیورٹی، بحیرہ جنوبی چین کے متنازع اور اہم علاقے پر چین کی ملکیت کے دعوے اور انسانی حقوق جیسے حساس معاملات پر اختلافات کو کم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک اور اقتصادی ڈائیلاگ کے ساتویں دور کو اس کی وسعت اور گہرائی کے لحاظ سے "تعمیری" اور "اہم" قراردیا جبکہ ان کے چینی ہم منصب اسٹیٹ کونسلر ینگ جیچی نے کہا کہ " کھلے دل سے ہونے والے مذاکرت "وسیع اتفاق رائے کا باعث بنے ہیں۔

اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں صدر اوباما اور چین کے خصوصی نمائندوں کے وفد نے امریکہ اور چین کے درمیان ماحولیات اور صاف توانائی کے بارے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا اوردونوں ممالک نے دسمبر میں ماحولیات کے متعلق پیرس میں ہونے والے مذاکرات پر اتفاق کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ امریکہ کے صدر نے چین کی طرف سے اپنی معیشت میں اصلاحات اور توازن لانے کی کوششوں اور ایک دوطرفہ سرمایہ کاری کا معاہدہ کرنے کے لیے جاری مذاکرات کے لیے حمایت کا اظہار کیا گیا ہے۔

تاہم انہوں نے اس کے ساتھ چین پر کرنسی، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کی پالیسیوں سے نمٹنے اور اس کی بحری کارروائیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے پر زور دیا۔

صدر نے چین کی سائبر سرگرمی سمیت امریکی کمپنیوں کی حساس کاروباری معلومات اور ٹیکنالوجی کی مبینہ چوری کے بارے میں امریکہ کی تشویش کا اظہار بھی کیا۔ واشنگٹن امریکہ کے موجودہ اور سابق سرکاری ملازمین کی ذاتی معلومات پر وسیع پیمانے پرہونے والے ایک سائبر حملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ امریکہ اور چین نے ان مذاکرات کے دوران "سائبر سرگرمیوں کے متعلق مکمل ضابطہ اخلاق پر مل کر کام کرنے" پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن کا خیال ہے کہ امریکہ اور چین کو "سائبر دنیا میں ریاست کے مناسب طرز عمل" کو ترقی دینے اور اس پر عمل درآمد کے لیے مل کر کام کرنا چاہیئے۔

چین کے اسٹیٹ کونسلر یانگ جیچی نے کہا کہ "چین سائبر ہیکنگ کی تمام اشکال کی مخالفت اور ان کے خلاف سخت کارروائی پر قائم ہے اور اس کے ساتھ ساتھ چین امریکہ کے ساتھ سائبر سکیورٹی کے بارے میں باہمی احترام، مساوات اور باہمی مفاد کی بنیاد پر تعاون کے لیے تیار ہے"۔ اس کے ساتھ انہوں نے امریکہ پر "حقیقت کو تسلیم کرنے" پر زور دیا۔

امریکی وزیر خارجہ نے چین کے انسانی حقوق کے ریکارڈ اور زیر التوا قانون سازی کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ممکنہ طور ان غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کے گروپوں کا کام شدید طور پر متاثر ہو سکتا ہے جن کا محور قانون کی مضبوط حکمرانی جیسے معاملات ہیں۔

یانگ نے اس کے جواب میں کہا کہ "امریکہ کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ چین کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرے۔۔۔۔انسانی حقوق کے معاملے پر چین کی کامیابیاں سب کے سامنے ہیں"۔

XS
SM
MD
LG