رسائی کے لنکس

شمالی نائجیریا میں بم حملوں پر امریکہ کی سخت مذمت


محکمہ خارجہ کے ترجمان، جان کِربی نے کہا ہے کہ ہم اِن حملوں کی سختی سے مذمت کرتے ہیں اور بوکو حرام کا مقابلہ کرنے کے لیے نائجیریا اور اُس کے ہمسایہ ملکوں کو مدد فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں

امریکہ نے گذشتہ دو دن کے دوران شمالی نائجیریا میں ہونے والے دو بم حملوں کی مذمت کرتے ہوئے، ہلاک شدگان کے لواحقین سے تعزیت اور زخمی ہونے والوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

موصول ہونے والی خبروں کے مطابق، گومبے مارکیٹ اور دماتورو کی عیدگاہ پر ہونے والے اِن حملوں میں کم از کم 60 افراد ہلاک، جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

ایک بیان میں، محکمہ خارجہ کے ترجمان، جان کِربی نے کہا ہے کہ ہم اِن حملوں کی سختی سے مذمت کرتے ہیں اور بوکو حرام کا مقابلہ کرنے کے لیے نائجیریا اور اُس کے ہمسایہ ملکوں کو مدد فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، جس کے لیے باہمی اعانت اور کثیر ملکی مشترکہ ٹاسک فورس، دونوں طریقوں سے مدد کی جائے گی۔

ترجمان نے کہا ہے کہ اِس دہشت گرد خطرے سے نمٹنےکے لیے، نائجیریا اور 'شاڈ بیسن' جھیل کے ممالک علاقائی آپسی رابطے کے ذریعے جواب دینے کا سوچ رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اِن حملوں کے علاوہ ماضی کی دہشت گردی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک لانے کے لیے، امریکہ نائجیریا کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

XS
SM
MD
LG