رسائی کے لنکس

انقرہ امن مظاہرے پر حملہ، امریکہ کی شدید مذمت


محکمہٴخارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ترکی اور خطے میں جاری پُرتشدد کارروائیوں کے پیشِ نظر، اِس وقت یہ انتہائی ضروری ہے کہ تمام ترک شہری امن کے حصول کا اعادہ کریں اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہو جائیں‘

امریکہ نے انقرہ میں’پُرامن مظاہرین‘ کے خلاف ہونے والے ’ہولناک‘ دہشت گرد حملے کی ’شدید مذمت‘ کی ہے۔

ایک اخباری بیان میں، محکمہٴخارجہ کے ترجمان جان کِربی نے ترکی کے عوام، خاص طور پر ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ترکی اور خطے میں جاری پُرتشدد کارروائیوں کے پیشِ نظر، اس وقت یہ انتہائی ضروری ہے کہ تمام ترک شہری امن کے حصول کا اعادہ کریں اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہو جائیں‘۔

ترجمان نے کہا کہ ’یکجہتی کے اظہار کے معاملے پر ہم ترک عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ترکی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں‘۔

ہفتے کے روز ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں اہم ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دو زوردار دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد 86 جب کہ زخمیوں کی تعداد 200 سے زیادہ ہوگئی ہے۔ یہ دھماکے کُردوں کی حامی امن ریلی نکالنے جانے سے کچھ ہی لمحے قبل ہوئے، جس کا اہتمام محنت کشوں اور متمدن معاشرے کے گروپوں کی جانب سے کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG