رسائی کے لنکس

نائجیریا: شہریوں کی ہلاکتیں، امریکہ کی بوکوحرام کی مذمت


فائل
فائل

بقول ترجمان محکمہٴخارجہ، ’ہم نائجیریا اور اُس کے ہمسایہ ملکوں پر زور دیتے ہیں کہ بوکو حرام کے منڈلاتے خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ اقدام کیے جائیں‘

امریکہ نے شہریوں کے خلاف بوکو حرام کے حملوں میں آنے والی حالیہ تیزی کی مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اِس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ حملہ آوروں کے نزدیگ انسانی جان کی کوئی وقعت نہیں۔

ایک بیان میں، محکمہٴخارجہ کی خاتون ترجمان نے کہا ہے کہ دہشت گرد حملوں میں ملوث تمام ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جانی چاہیئے۔

جین ساکی نے کہا ہے کہ امریکہ شدت پسندی کی تمام حرکات کو انتہائی ناپسندیدگی کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جس کے باعث، نائجیریا اور وسیع تر خطے میں کثیر تعداد میں ہلاکتیں واقع ہوئی ہیں، جس میں کیمرون بھی شامل ہے۔

امریکہ نے بوکو حرام کی شدت پسندی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین اور احباب سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ بوکو حرام کی عقوبت و زیادتی کا خاتمہ کرنے کے لیے امریکہ نائجیریا اور اُس کے ہمسایوں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر تیار ہے۔

بقول ترجمان، ’ہم نایجیریا اور اُس کے ہمسایہ ملکوں پر زور دیتے ہیں کہ بوکو حرام کے منڈلاتے فوری خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ اقدام کیے جائیں‘۔

خاتون ترجمان نے مزید کہا کہ اِن ہولناک حملوں کے پیش نظر، بوکو حرام جیسی دہشت گرد تنظیموں کے ہتھکنڈے نائجیریا کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرنے والے، قابل بھروسہ اور پُرامن انتخابات منعقد کرانے کے کام سے نائجیریا کو باز نہیں رکھ سکتے۔

XS
SM
MD
LG