رسائی کے لنکس

عراق: امریکہ کی دہشت گرد واقعات کی شدید مذمت


محکمہٴ خارجہ کے ترجمان کے بقول، ’اِن مظالم نے ایک بار پھر یہ بات ثابت کر دی ہے کہ داعش کو بے گناہ شہریوں کی زندگی سے کوئی غرض نہیں، جِن میں خواتین اور بچے شامل ہیں‘

امریکہ نے بغداد میں جمعرات کی صبح داعش کے ہاتھوں ایک مصروف بازار کی بھیڑ میں ہونے والے دھماکوں، پیر کے دِن صوبہٴدیالہ میں کیے گئے کار بم حملوں اور ساتھ ہی، عراقی عوام کے خلاف دیگر حالیہ دہشت گرد حربوں کی ’شدید الفاظ میں‘ مذمت کی ہے۔

یہ بات محکمہٴخارجہ کے ترجمان، جان کِربی نے جمعرات کو ایک اخباری بیان میں کہی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ اور احباب سے تعزیت کا اظہار کیا۔

بقول ترجمان، ’اِن مظالم نے ایک بار پھر یہ بات ثابت کر دی ہے کہ داعش کو بے گناہ شہریوں کی زندگی سے کوئی غرض نہیں، جِن میں خواتین اور بچے شامل ہیں‘۔

محکمہٴخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’ایسے میں جب عراقی دولت اسلامیہ کے خلاف متحد ہو رہے ہیں اور میدان جنگ میں فتحیاب ہونے کی تگ و دو کر رہے ہیں، عراقی عوام میں منافرت کے بیج بونے کے لیے داعش اپنی دہشت گردی کی مہم کو تیز کرنے کی کوشش کرے گی‘۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دولت اسلامیہ کے شدت پسندوں کے خلاف مؤثر لڑائی کے لیے اور اُس کی پُرتشدد سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے، امریکہ عراقی عوام کا ساتھ دینے کے لیے اُن کے کاندھےسے کاندھا ملائے ہوئے کھڑا ہے‘۔

ترجمان نے کہا ہے کہ، ’ہم وزیر اعظم العبادی، سکیورٹی فورسز اور عراقی حکومت کا ساتھ دینے کے لیے بین الاقوامی برادری میں اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم پر قائم ہیں، تاکہ داعش کو شکست دی جاسکے اور مظالم برتنے والی دہشت گرد تنظیموں کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جاسکے‘۔

XS
SM
MD
LG