رسائی کے لنکس

امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعاون ناگزیر


امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعاون ناگزیر
امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعاون ناگزیر

امریکہ کی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن نے افغانستان کے مستقبل پر آئندہ ہفتے ہونے والی بون کانفرنس میں پاکستان کی عدم شرکت کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے لیکن ساتھ ہی یہ اُمید بھی ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں اسلام آباد کا تعاون حاصل کر لیا جائے گا۔

بدھ کو جنوبی کوریا میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہلری کلنٹن نے بتایا کہ امریکہ کی طرح پاکستان بھی ’’ایک محفوظ، مستحکم، پائیدار اور جمہوری افغانستان میں بڑی دلچسپی رکھتا ہے۔‘‘

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور واشنگٹن کو نیٹو کے اس فضائی حملے پر غور کرنے کی ضرورت ہے جس میں ہفتہ کو متنازع حالات میں 24 پاکستانی فوجی ہلاک ہوئے، تاکہ دونوں ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھ سکیں۔ اُنھوں نے اسے ’’المناک واقعہ‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کی جلد اور مفصل تحقیقات کے عزم کا اظہار کیا۔

پاکستان نے ایک روز قبل اعلان کیا تھا کہ وہ اس واقعے کے خلاف احتجاجاً پیر کو جرمنی کے شہر بون میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا۔

افغان صدر حامد کرزئی نے بھی منگل کے روز پاکستان کو اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کرنے کو کہا تھا۔ انھوں نے پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو فون کرکے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ افغانستان کے مستقبل کے بارے میں ہونے والی کانفرنس کا بائیکاٹ نہ کریں۔

پاکستانی عسکری حکام کا ماننا ہے کہ نیٹو کا یہ حملہ دانستہ تھا۔ ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل اشفاق ندیم کے مطابق یہ واضح نہیں کہ امریکہ کی جانب سے اس حملے کی تحقیقات میں پاکستان شامل ہو گا یا نہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے امریکی حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ تفتیش کاروں کا ماننا ہے کہ طالبان نے امریکہ اور افغان افواج کی ایک گشتی ٹیم پر سرحدی علاقے میں حملہ کیا تاکہ ان کے لیے مبالغہ پیدا کرکے پاکستانی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ملوث کیا جاسکے۔

بون میں ہونے والی کانفرس میں افغانستان سے بین الاقوامی افواج کے انخلا کے بعد ملک میں ترقی اور استحکام کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینے پر بات چیت ہوگی۔ اکثر مبصرین اس بات پر متفق ہیں کہ افغانستان میں امن کا دار و مدار اس سلسلے میں پاکستان کے تعمیری کردار پر ہے۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ بون کانفرنس افغانستان کے مستقبل کے بارے میں بہت اہم ہے جس میں پاکستان اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔

XS
SM
MD
LG