رسائی کے لنکس

ریمنڈ ڈیوس کی امریکہ میں گرفتاری، ضمانت پر رہائی


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان میں دیت کی ادائیگی کے بعد دوہرے قتل کے مقدمے سے بری ہونے والے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے نجی ملازم ریمنڈ ڈیوس کو ریاست کالوراڈو میں تشدد اور بدنظمی کے الزامات میں پولیس نے گرفتار کر لیا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ڈینور شہر کے جنوب میں ہائی لینڈز رانچ کے علاقے میں آئینسٹائن بیگل سنٹر کے باہر صبح کے وقت گاڑی پارک کرنے کے معاملے پر ایک شخص سے ریمنڈ ڈیوس کا جھگڑا ہو گیا۔

ڈگلس کاؤنٹی کے شیرف لیفٹیننٹ گلین نے بتایا کہ جھگڑے کی اطلاع ملنے پر جائے وقوع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں نے ریمنڈ ڈیوس کو حراست میں لے لیا۔

شیرف گلین نے بتایا کہ ریمنڈ ڈیوس پر فرد جرم عائد کرنے اور اُن کے وکیل کی طرف سے مچلکے جمع کرانے کے بعد ڈگلس کاؤنٹی جیل سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

اس واقعہ کی خبر پہلی مرتبہ چینل سون کے ’کے ایم جی ایچ-ٹی وی‘ نے دی تھی۔ فوری طور پر اس بارے میں مزید تفصیلات معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کے حملے کا نشانہ بننے والے شخص نے جائے وقوع پر طبی امداد لینے سے انکار کر دیا۔

ریمنڈ ڈیوس نے جنوری میں پاکستان کے شہر لاہور میں ’ذاتی دفاع‘ میں دو مقامی باشندوں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا اور دو ماہ بعد مقتولین کے لواحقین کو تقریباً ساڑھے 23 لاکھ ڈالر ادائیگی کے بعد اس کی رہائی عمل میں آئی تھی۔

لاہور میں پیش آنے والے واقعہ سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بھی کشیدگی کا شکار ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG