رسائی کے لنکس

پناٹا وزیر دفاع، پٹریاس CIA چیف اور کروکر کو افغانستان میں سفیر نامزد کیے جانے کا امکان


پناٹا وزیر دفاع، پٹریاس CIA چیف اور کروکر کو افغانستان میں سفیر نامزد کیے جانے کا امکان
پناٹا وزیر دفاع، پٹریاس CIA چیف اور کروکر کو افغانستان میں سفیر نامزد کیے جانے کا امکان

اطلاعات کے مطابق صدر براک اوباما نے آزمودہ سفارت کار رائن کروکر کو افغانستان میں امریکہ کا سفیر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا وہ جلد باضابطہ اعلان کریں گے۔ جبکہ رابرٹ گیٹس کی جگہ سی آئی اے کے سربراہ لیون پنیٹا کو وزارت دفاع جب کہ جنرل پیٹریاس کو سی آئی اے کی سربراہی سونپے جانے کا امکان ہے۔

کروکر کا شمار مشرق وسطیٰ کے اُمورکے ماہر امریکی سفارت کاروں میں ہوتا ہے اور وہ عراق میں دو سال تک امریکہ کے سفیر کی حیثیت سے خدمات بھی سرانجام دے چکے ہیں۔ اُن کی تعیناتی افغانستان میں جنگ کی قیادت میں کی جانے والی تبدیلیوں میں سے ایک ہے۔

میڈیا کی اطلاعات میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ آنے والے مہینوں میں صدر اوباما وزیر دفاع رابرٹ گیٹس اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف ایڈمرل مائیک ملن سمیت دیگر اعلیٰ رہنماؤں کی جگہ بھی نئی نامزدگیاں کریں گے۔

رائن کروکر افغانستان میں موجودہ امریکی سفیر کارل آئیکن بیری کی جگہ لیں گے جو باور کیا جاتا ہے کہ وائٹ ہاؤس اور افغان صدر حامد کرزئی کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتے ہیں۔ 2007ء سے 2009ء میں عراق میں امریکی سفیر کے فرائض انجام دینے والے کروکر افغان جنگ کے امریکی کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

صدر جارج بش کی انتظامیہ کے دوران کروکر اور جنرل پیٹریاس نے عراق میں بھی مل کر کام کیا تھا۔ پاکستان میں سفیر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے والے رائن کروکر، لبنان، مصر اور شام میں بھی اعلیٰ سفارتی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق اُنھیں 2007ء میں عراق میں اُس وقت سفیر نامزد کیا گیا تھا جب صدر بش کی انتظامیہ عراق میں اپنی افواج میں اضافے کی پالیسی پر عمل پیرا تھی۔

رائن کروکر کی نامزدگی اگر امریکی سینیٹ منظور کر لیتی ہے تو وہ ایک ایسے وقت افغانستان میں سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جب جولائی میں امریکی افواج کے مرحلہ وار انخلاء کا عمل شروع ہونے جارہا ہے۔

XS
SM
MD
LG