رسائی کے لنکس

ماسوائے یمن کے 18 امریکی سفارت خانے کھولنے کا فیصلہ


یمن کے دارالحکومت میں قائم امریکہ کا سفارت خانہ۔
یمن کے دارالحکومت میں قائم امریکہ کا سفارت خانہ۔

امریکی محکمہ خارجہ نے مخصوص خدشات کے باعث پاکستان کے مشرقی شہر لاہور میں اپنا قونصل خانہ علیحدہ سے بند کر رکھا ہے۔

امریکہ نے دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر خلیجی اور شمالی افریقہ میں بند اپنے 19 سفارت و قونصل خانوں میں سے 18 کو اتوار سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان سفارت و قونصل خانوں میں اتوار سے جمعرات تک کام ہوتا ہے۔

تاہم یمن کے دارالحکومت صنعا میں امریکہ سفارت خانہ بدستور بند رہے گا اور اس میں کام کے آغاز کے بارے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے بتایا کہ یمن میں جاری خطرات کے پیش نظر ’ہمارا سفارت خانہ‘ بند رہے گا۔

پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے دارالخلافہ لاہور میں جمعرات کو امریکہ قونصل بند کر کے تمام غیر ضروری عملے کو وہاں سے منتقل ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی ترجمان کے مطابق یہ اقدام دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر کیا گیا تاہم اُن کے بقول پیر سے وفاقی دارالحکومت میں سفارت خانہ اور دیگر شہروں میں قائم قونصل خانوں میں معمول کے مطابق کام شروع کر دیا جائے گا۔

گزشتہ ہفتے جزیرہ نما عرب میں سرگرم القاعدہ کے ایک گروہ کی طرف سے دہشت گرد حملے کے خدشات کی وجہ سے دنیا کے مختلف ممالک میں امریکی سفارت و قونصل خانے بند کر دیے گئے تھے۔

عارضی بندش کے بعد اُن میں سے بیشتر کو دوبارہ کھول دیا گیا تھا تاہم عمان، قاہرہ، صنعا اور طرابلس سمیت 19 دیگر مقامات پر امریکی سفارتخانے کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جن کو اب کھولا جا رہا ہے۔
XS
SM
MD
LG