رسائی کے لنکس

بعض امریکی سفارت و قونصل خانے کُھل گئے


امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق 19 سفارت و قونصل خانے سکیورٹی خادشات کے پیش نظر بدستور بند رہیں گے۔

مشرق وسطٰی اور شمالی افریقہ میں قائم کچھ امریکی سفارتی خانے پیر سے دوبارہ کھُل گئے ہیں، جب کہ 19 سفارت و قونصل خانے سکیورٹی خادشات کے پیش نظر بدستور بند رہیں گے۔

محکمہ خارجہ نے بغداد، کابل، الجزائر اور ڈھاکہ میں امریکی سفارت خانے پیر سے کھولنے کی اجازت دی۔

تاہم پاکستان میں امریکی سفارت خانہ و قونصل خانے اُس فہرست میں شامل نہیں تھے جنھیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

امریکی حکام نے گزشتہ ہفتے اپنے سفارت خانے بند کر دیئے تھے، جب کہ دنیا بھر میں امریکی شہریوں کے لیے سفری انتباہ بھی جاری کیا گیا، جس کے مطابق مشرق و سطٰی اور شمالی افریقہ میں دہشت گردانہ حملوں کا خطرہ نسبتاً زیادہ ہے۔

محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ 19 سفارتی تنصیبات آئندہ ہفتہ تک بند رہیں گی، تاہم یہ فیصلہ کسی نئے خطرے کے پیش نظر نہیں بلکہ محض احتیاطاً کیا گیا ہے۔

ایک ہفتے تک بند رہنے والے تمام سفارت خانوں میں عمان، قاہرہ، صنعا اور طرابلس میں قائم سفارتی دفاتر بھی شامل ہیں۔

ابو ظہبی، ریاض، ظھران، جدہ، دوہا، دبئی، کویت، مانامہ، مسقط، صنعا، طرابلس، انتاناریوو، بوجومبورا، جیبوتی، خرطوم، کیغالی اور پورٹ لوئس میں بھی امریکی سفارتی تنصیبات تمام ہفتہ بند رہیں گی۔

تاہم موریتانیا کے دارالحکومت نواکشوط میں امریکی سفارت خانہ اور ہرات، مزار شریف، بصرا اور اربل میں قونصل خانے پیر سے کھل جائیں گے۔

امریکی قانون سازوں اور سابق اعلیٰ عہدے داروں نے سفارتی تنصیبات کی بندش اور سفری انتباہ کو غیر معمولی اقدام قرار دیا تھا۔
XS
SM
MD
LG