رسائی کے لنکس

ٹرمپ کو صدارتی مہم میں گانے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی: اڈیل


اڈیل کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اڈیل نے کسی بھی سیاسی مہم کے لیے اپنی موسیقی استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی ہے ۔

ہو سکتا ہے کہ امریکی سیاست دان ڈونلڈ ٹرمپ اڈیل کے مداحوں میں شامل ہوں لیکن، ایک بات واضح ہو گئی ہے کہ صف اول کی گلوکارہ اڈیل ری پبلکن جماعت کے صدارتی امیدوار ٹرمپ کے مداحوں میں سے نہیں ہیں۔

'ہیلو' جیسے مقبول ترین گانے کے ساتھ شہرت کے آسمان پر چھا جانے والی برطانوی گلوکارہ اڈیل نے پیر کو ایک بیان جاری کیا ہے۔

جس میں انھوں نے امریکی سیاسی جماعت ری پبلکن پارٹی کے ساتھ اپنی غیر وابستگی ظاہر کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا ہے کہ انھوں نے انتخابی مہم کے لیے گانوں کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔

اڈیل کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اڈیل نے کسی سیاسی مہم کے لیے اپنی موسیقی استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔

ریپبلکن سیاسی جماعت کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں اپنی انتخابی مہم کے لیے اڈیل کا مقبول گانا 'رولنگ ان دا ڈیپ' اور جیمس بانڈ سیریز فلم اسکائی فال کا تھیم سونگ وارم اپ موسیقی کے طور پر استعمال کیا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ کو پاپ گانوں کے استعمال کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے اور نا ہی اڈیل پہلی فنکارہ ہیں جنھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو سیاسی مہم کے لیے اپنے گانے بجانے سے منع کیا ہے۔

ان سے قبل پچھلے سال ائیرو اسمتھ بینڈ کے فنکار اسٹیون ٹائلر نے ٹرمپ کو ایک قانونی نوٹس کے ذریعے بینڈ کے ہٹ گانے 'ڈریم آن' انتخابی مہم میں استعمال کرنے سے روکا تھا، جس کے بعد سیاست دان نے فوری طور پر ان کے بینڈ کی موسیقی کا استعمال کرنا بند کر دیا تھا۔

علاوہ ازیں گلوکار نیل ینگ نے ٹرمپ کے ساتھ اس وقت بحث کی تھی جب ان کے ایک مقبول گانے' راک ان دا فری ورلڈ ' کو ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ان کی انتخابی مہم کے لیے متعدد بار استعمال کیا گیا۔

اسی طرح 'ریم بینڈ' کے گلوکار مائیکل اسٹائپ نے ٹرمپ کو سیاسی مہم میں اپنے گانے استعمال کرنے سے روکنے کے لیے ایک بیان جاری کیا تھا۔جس میں انھوں نے کہا تھا کہ سیاست دان ہماری موسیقی اور ہماری آواز کو ہماری اجازت کے بغیر سیاسی مہم کے لیے استعمال نہیں کر سکتے ہیں۔

ادھر اڈیل کے مداحوں نے ٹرمپ کی طرف سے اڈیل کے گانوں پر ملکیت کے حوالے سے غصہ ظاہر کیا ہے۔

اڈیل کے ایک مداح نے ٹوئٹر پر لکھا کہ کیا اڈیل جانتی ہیں کہ ڈونالڈ ٹرمپ ان کی موسیقی اپنی سیاسی مہم کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ مجھے محسوس ہوتا ہے کہ اڈیل کو یہ جان کر اچھا نہیں لگے گا۔

انٹرٹینمنٹ وکیل اسٹیو گورڈن نے ایک مخصوص نغمہ استعمال کرنے کے حوالے سے فنکار کےحقوق کی وضاحت کرتے ہوئے روزنامہ گارڈین کو بتایا کہ قانونی طور پر فنکار کے پاس بہت محدود حق ہے۔

انھوں نے وضاحت کی کہ کاپی رائٹ قانون کے تحت امریکہ میں بی ایم آئی یا دیگر کمپنیاں گانے کو استعمال کرنے کا لائسنس یا اجازت نامہ جاری کرتی ہیں اور بنیادی طور پر ایک گیت جو سیاسی مہم میں چلایا جاتا ہے اس کے لیے پہلے سے لائسنس حاصل کر لیا جاتا ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ فنکار خود کو کسی سیاست دان یا سیاسی جماعت کے ساتھ وابستہ نہیں کرنا چاہتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کی موسیقی سے ہر کوئی محبت کرے۔

XS
SM
MD
LG