رسائی کے لنکس

سرکاری اخراجات سے متعلق مسودے پر اوباما کے دستخط


سرکاری اخراجات سے متعلق مسودے پر اوباما کے دستخط
سرکاری اخراجات سے متعلق مسودے پر اوباما کے دستخط

امریکی صدر براک اوباما نے سرکاری اخراجات سے متعلق مسودے کو قانون کی حیثیت دے دی ہے۔

اُنھوں نے ہفتہ کو دیر گئے اس مسودے پر دستخط کیے جس کے بعد قانون سازوں کو رواں سال کے بقیہ چھ مہینوں کے لیے وفاقی بجٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے مزید چند روز کی مہلت مل گئی ہے۔

ریپبلیکن اور ڈیموکریٹ جماعتوں کے درمیان کئی ماہ کی بحث کے بعد جمعہ کی شب وفاقی بجٹ میں 38.5 ارب ڈالر کی کٹوتی پر اتفاق ہو گیا تھا۔ یہ سمجھوتا اُس وقت ہوا جب ’شٹ ڈاؤن‘ یعنی وفاقی حکومت کے اداروں کی عارضی بندش کے لیے مقرر کردہ مدت کے ختم ہونے میں دو گھنٹے سے بھی کم وقت رہ گیا تھا۔

اب صدر اوباما اور قانون سازوں کو اپنی توجہ قرضوں کی مقررہ انتہائی حد اور 2012ء کے بجٹ پر بحث پر مرکوز کرنا ہو گی۔

امریکی کانگریس کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آیا قرضوں کی مقررہ انتہائی حد میں اضافہ کیا جائے یا نہیں۔ موجودہ حد 14.3 کھرب ڈالر ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ ماہ کے وسط تک قرضے اس حد سے تجاوز کرنے کے قریب ہوں گے۔

آنے والے دنوں میں وائٹ ہاؤس اور قانون سازوں کے درمیان مالی سال 2012ء کے لیے سرکاری اخراجات سے متعلق تجاویز پر بحث کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا۔ امریکہ میں نئے مالی سال کا آغاز یکم اکتوبر سے ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG