رسائی کے لنکس

امریکی انتخابات میں ایک بار پھر ریپبلکن نے میدان مار لیا


ریاست کنٹیکی کے 40 سالہ دور میں، دوسرا ریپبلکن گورنر ہے جسے منگل کو ہونے والے انتخابات میں ووٹروں نے منتخب کیا۔ گورنر میٹ بیون نے اٹارنی جنرل جیک کون وے کو شکست دینے کےلئے اپنی انتخابی مہم صدر اوباما کے ہیلتھ کیئر پروگرام کے خلاف چلائی

امریکہ کے ریاستی انتخابات میں ایک بار پھر ریپبلکن پارٹی نے میدان مار لیا ہے۔ لیکن، یہ رجحان صدارتی امیدواروں کے درمیان مقابلے کی صحیح عکاسی نہیں کرتے، کیونکہ ان میں عموماً سماجی اور ریاستی مسائل فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں۔

ریاست کنٹیکی کے 40 سالہ دور میں، دوسرا ریپبلکن گورنر ہے کہ جیسے منگل کو ہونے والے انتخابات میں ووٹروں نے منتخب کیا۔ گورنر میٹ بیون نے اٹارنی جنرل جیک کون وے کو شکست دینے کےلئے اپنی انتخابی مہم صدر اوباما کے ہیلتھ کیئر پروگرام کے خلاف چلائی۔

ادھر، میسی سیپی کے گورنر، فل بریانٹ بھی باآسانی جیت گئے۔ صرف ریاست لوزیانہ وہ ریاست ہے کہ جہاں آئندہ ماہ کے آخر میں ریپبلکن گورنر بوبی جندال کی تبدیلی کے لئے انتخابات ہوں گے اور یہاں ایک ڈیموکریٹ امیدوار ان کے مقابلے میں لوگوں کا سب سے زیادہ پسندیدہ ہے۔

سنہ 2016 میں امریکہ کی 50 میں سے 31 ریاستوں میں ریپبلکن گورنر ہوں گے اور 17 میں ڈیموکریٹ اور آزاد امیدوار گورنر ہوں گے۔

آئندہ برس جب کانگریس کی تمام نشتوں اور سینٹ کی ایک تہائی نشتوں کے انتخابات ہوں گے، نتائج کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ کتنی بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔

منگل کو ہونے والے انتخابات میں ووٹروں نے اپنی ریاستوں کے سماجی اور شہری مسائل کو پیش نظر رکھا۔ ٹیکساس کے سب سے بڑے اور ملک کے چوتھے بڑے شہر ہوسٹن میں صنفی بنیاد پر امتیاز پر پابندی اور مساوی حقوق کی تحریک ناکام ہوئی جہاں 60 فیصد ووٹروں نے اس کی مخالفت کی۔

اوہائیو کے رہائشیوں سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا وہ بھنگ کو طبی اور ذاتی استعمال کے لئے قانونی شکل دینا چاہتے ہیں، لیکن ان کی پیدوار کا اختیار کسانوں کے مخصوص گروہ کو دیا گیا تھا، لوگوں نے شکایت کی کہ یہ چند مخصوص لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے ان کی غیر منصفانہ اور غیر ضروری اجارہ داری قائم کرنے کے مترادف ہے۔ ووٹروں نے اس تجویز کو 64 فیصد کی اکثریت سے مسترد کر دیا۔

ریاست کولوراڈو، واشنگٹن، اوریگن اور الاسکا کے علاوہ امریکی دارلحکومت واشنگٹن ڈی سی میں بھنگ کا نشہ قانونی ہے، جبکہ اس کا طبی استعمال تقریباً نصف ریاستوں میں جائز ہے۔

کولوراڈو کے ووٹروں نے 2012 میں لوگوں کو ’میراجونا‘ خریدنے کی اجازت دی بعد میں ان خریداریوں سے ٹیکس جمع کرنے کی منظوری دی گئی۔ لیکن، ساتھ ہی قانون میں یہ شق شامل کی گئی کہ اگر ریاست کی آمدن کا کوئی اور ذریعہ وسیع ہوا تو پھر ووٹر فیصلہ کریں گے کہ یہ ٹیکس لیا جائے یا واپس کیا جائے۔ منگل کو ووٹروں نے حکومت کو اجازت دے دی کہ وہ 66 ملین ڈالر کی رقم ٹیکس گزاروں کو واپس کرنے کی بجائے نئے اسکولوں کی تعمیر پر خرچ کرے۔

سان فرانسسکو کے ووٹروں نے اس تجویز کو مسترد کردیا کہ لوگوں کو چند دنوں کے لئے اپنے مکانات کرائے پر دینے کی اجازت دی جائے۔ یہ فیصلہ رہائشوں کو کرائے پر مکان دینے کی بجائے سیاحت کے لئے دینے کی حوصلہ شکنی کے لئے لیا گیا، کیونکہ اس شہر میں رہائشی یونٹس کی پہلے ہی کمی ہے اور یہاں مکانوں کے کرائے پورے ملک میں سب سے زیادہ ہیں۔

ریاست واشنگٹن میں ووٹروں نے نایاب جانوروں کی منتقلی پر پابندی کا نیا قانون منظور کیا، جس سے اس کی خرید و فروخت اور تجارت ہی بلکہ ان جانوروں کی بقایاجات سے بنی اشیاء کی فروخت بھی غیر قانونی ہوگئی۔

XS
SM
MD
LG