رسائی کے لنکس

بوسٹن دھماکے: خاتون کے مبینہ جینیاتی نمونے برآمد


کیتھرین رسل
کیتھرین رسل

ایف بی آئی کے اہلکاروں نے تیمرلان سرنائیو کی بیوہ سے ملاقات کی جو وکیل کے مطابق تفتیش میں مکمل تعاون کررہی ہیں۔

امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ’ایف بی آئی‘ کے تفتیش کاروں نے بوسٹن بم دھماکوں کے ہلاک ہونے والے ایک مشتبہ نوجوان کے سسرال سے جینیاتی نمونے حاصل کیے ہیں۔

ایف بی آئی کے اہلکاروں نے رہوڈ آئی لینڈ میں تیمرلان سرنائیو کی بیوہ کیتھرین رسل کے والدین کے گھر کا دورہ کیا۔ تفتیش کاروں کو بوسٹن دھماکوں میں استعمال ہونے والے ایک بم کی باقیات سے مبینہ طور پر ایک خاتون کے جینیاتی معلومات (ڈی این اے) بھی حاصل ہوئے تھے۔

کیتھرین بم دھماکوں کے تین روز بعد پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں اپنے شوہر کی ہلاکت کے بعد سے اپنے والدین کے گھر پر مقیم ہیں۔ ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہی ہیں۔

دریں اثناء ایک عدالت نے بم دھماکوں کے 19 سالہ زیر حراست ملزم جوہر سرنائیو کے دفاع کے لیے ایک معروف وکیل مقرر کیا ہے۔

کیلوفورنیا میں مقیم وکیل جوڈی کلارک اس سے قبل بھی ایسے ہی اہم مقدمات میں ملزمان کی وکالت کر چکی ہیں۔ ان میں جیرڈ لوفنر کا مقدمہ بھی شامل ہے جس پر ایری زونا میں فائرنگ کرکے امریکی خاتون قانون ساز گبریل گیفورڈ کو شدید زخمی اور چھ دیگر افراد کو ہلاک کرنے کا الزام تھا۔

جوڈی کلارک نے لوفنر کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
XS
SM
MD
LG