رسائی کے لنکس

جینت ییلن ’فیڈرل رِزرو‘ کی سربراہ نامزد


اپنی تقاریر اور عام بیانات میں وہ کہتی رہی ہیں کہ بے روزگاری میں کمی لانے اور سست روی کی شکار امریکی معیشت کی افزائش کے سلسلے میں، وہ برنانکے کی طرف سے اپنائی گئی سود کی شرح کو کم رکھنے کی پالیسی کی حمایت کرتی ہیں

امریکی صدر براک اوباما نے امریکی فیڈرل رِزرو کی نائب صدر، جینت ییلن کو مرکزی بینک کی سربراہ کے طور پر نامزد کیا ہے۔

سڑسٹھ برس کی ییلن بن برنانکے کی جگہ لیں گی، جِن کی سربراہ کے طور پر دوسری مدتِ ملازمت 31 جنوری کو مکمل ہو رہی ہے۔

امریکی سینیٹ کی طرف سے اُن کی نامزدگی کی توثیق ہونا باقی ہے، تاہم اُن کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اُن کے چار سالہ عہدے کی میعاد کی منظوری مل جائے گی۔

سو سالہ تاریخ میں وہ امریکی مرکزی بینک کی پہلی خاتون سربراہ ہوں گی۔

مسٹر اوباما نے اُنھیں ’دانشمند معیشت داں‘ قرار دیا ہے، جِنھوں نے پانچ برس قبل ملکی اقتصادیات کے شدید کساد بازاری میں گھِر جانے سے بہت پہلے، معیشت کی ابتر صورتِ حال کے بارے میں آگاہ کردیا تھا۔

صدر نے اُنھیں ’اتفاقِ رائے‘ ہموار کرنے کی ماہر قرار دیا، جو دنیا کی سب سے بڑی معیشت کے نظام کو چلانے کے سلسلے میں مسابقت پر مبنی خیالات کو سننے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں اپنی مختصر تقریر میں، جینت ییلن نے کہا کہ، ’ہم امریکیوں کو معیشت کی حفاظت کرنی چاہیئے، اور ہم اِس کا تحفظ کر سکتے ہیں‘۔

تاریخی اعتبار سے، ملک میں بے روزگاری کی 7.3 فی صد شرح ابھی بلند سطح پر ہے، اور ییلن نے اِس بات کا عہد کیا کہ ہر ایک شہری کے لیے روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اپنی تقاریر اور عام بیانات میں وہ کہتی رہی ہیں کہ بے روزگاری میں کمی لانے اور سست روی کی شکار امریکی معیشت کی افزائش کے سلسلے میں، وہ برنانکے کی طرف سے اپنائی گئی سود کی شرح کو کم رکھنے کی پالیسی کی حمایت کرتی ہیں۔
XS
SM
MD
LG