رسائی کے لنکس

افغانستان میں داعش کے خلاف امریکی افواج کی کارروائیوں میں اضافہ


ترجمان نے بتایا کہ داعش خراسان کے ساتھ وفاداری کا اعلان کرنے والے جنگجوؤں کی اکثریت صوبہ ننگرہار کے چار سے پانچ جنوبی اضلاع میں ہیں

امریکہ، افغانستان میں دو مختلف محاذوں پر اپنی کوششوں کو بڑھا رہا ہے جن میں ایک طرف مشرقی افغان علاقوں میں داعش کے خلاف فضائی کارروائیوں میں "قابل ذکر" اضافہ کیا گیا ہے جب کہ دوسری طرف جنوبی حصے میں طالبان سے برسرپیکار افغان فوجیوں کو مزید ماہرین مہیا کیے جا رہے ہیں۔

افغانستان میں امریکی فورسز کے ایک ترجمان بریگیڈیئر جنرل ولسن شوفنر نے کابل سے وڈیو لنک کے ذریعے پینٹاگان میں صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ کا اندازہ ہے کہ افغانستان میں داعش (خراسان) کے جنگجوؤں کی تعداد ایک ہزار سے تین ہزار کے درمیان ہے۔

تاریخی اعتبار سے خراسان میں پاکستان، افغانستان اور ایران کے کچھ حصے شامل ہیں اور داعش نے اپنا دائرہ اثر یہاں تک بڑھانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ داعش خراسان کے ساتھ وفاداری کا اعلان کرنے والے جنگجوؤں کی اکثریت صوبہ ننگر ہار کے چار سے پانچ جنوبی اضلاع میں ہیں جہاں شوفنر کے بقول وہ اپنا "اڈہ قائم" کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

صوبہ ننگرہار پاکستان کے قبائلی علاقوں سے ملحق ہے اور اس جغرافیائی محل و وقوع کی وجہ سے داعش کو افغان اور پاکستانی طالبان سے لوگوں کو بھرتی کرنے میں آسانی ہو رہی ہے۔

گزشتہ ماہ ہی وائٹ ہاؤس نے افغانستان میں داعش کے خلاف فوجی کارروائی کی اجازت دی تھی۔

ترجمان شوفنر کا کہنا تھا کہ "اس تبدیلی سے ہمیں اضافی سہولت میسر آئی ہے۔"

اس تبدیلی سے قبل امریکی فورسز افغانستان میں داعش کو اسی صورت میں نشانہ بنا سکتی تھیں اگر وہ ان کے لیے براہ راست خطرہ ہوں۔

وائس آف امریکہ کی طرف سے جب یہ پوچھا گیا کہ آیا داعش خراسان نے کبھی امریکی فوجیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تو شوفنر کا کہنا تھا کہ وہ "اہداف اور حکمت عملی کی سطح کی تفصیلات پر بات نہیں کریں گے۔"

انھوں نے بتایا کہ صوبہ ہلمند میں امریکی فوجیوں کی موجودگی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل شوفنر کا کہنا تھا کہ "ہم ہلمند میں اپنے ماہرانہ کوششوں کو بھی بڑھا رہے ہیں۔۔ہم وہاں فورس کو تحفظ دینے کے لیے فوجی بھی تعینات کر رہے ہیں۔"

ہلمند میں اضافی فوجیوں کی تعیناتی سے افغانستان میں موجود امریکی افواج کی تعداد میں فرق نہیں پڑے گا اور یہ بدستور لگ بھگ 9800 ہی رہے گی۔

XS
SM
MD
LG