رسائی کے لنکس

روس شام کو اسلحہ فراہم نہ کرے: جان کیری


امریکہ اور جرمنی کے وزرائے خارجہ
امریکہ اور جرمنی کے وزرائے خارجہ

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے ایس۔300 فضائی دفاعی نظام کی شام کو فراہمی سے اسرائیل کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

امریکہ اور جرمنی نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ شام کے صدر بشار الاسد کو جدید ترین طیارہ شکن میزائل فراہم نہ کرے۔

واشنگٹن میں جمعہ کو ہونے والی بات چیت کے بعد امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور ان کے جرمن ہم منصب گیوڈو ویسٹرویل نے کہا کہ روس کی طرف سے اسلحہ کی فراہمی سے شام میں جاری خانہ جنگی طوالت اختیار کر سکتی ہے۔

مسٹر کیری کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے ایس۔300 فضائی دفاعی نظام کی شام کو فراہمی سے اسرائیل کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

’’ایسے وقت جب آپ یہاں امن لانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایس 300 (فضائی دفاعی نظام) کی خطے منتقلی مددگاد نہیں ہو گی‘‘۔

جان کیری نے کہا کہ ناصرف روس کی طرف سے (اسلحے) کی فراہمی مددگار ثابت نہیں ہو گی بلکہ ایران اور حزب اللہ کی طرف سے بھی ایسی ہی (چیزوں) کی فراہمی درست نہیں ہو گی۔

ویسٹرویل نے اسد کی حکومت کو اسلحے کی فراہمی کو ’’صریحاً غلط‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جینیوا میں مجوزہ امن کانفرنس میں شام کی حکومت اور حزب مخالف کو اکٹھا کرنے کی کوششیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔

روس نے شام کی خانہ جنگی میں بیرونی مداخلت سے بچنے کے لیے اسے جدید طیارہ شکن میزائل فراہم کرنے کے عزم ظاہر کر رکھا ہے۔

لیکن جمعہ کو روسی خبر رساں ایجنسی انٹر فیکس نے خبر دی تھی کہ فضائی دفاعی نظام کی شام کو منتقلی کئی ماہ تک ملتوی ہو سکتی ہے۔ ایجنسی نے اسلحہ کی صنعت کے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ یہ میزائل ستمبر سے پہلے منتقل نہیں کیے جاسکتے۔
XS
SM
MD
LG