رسائی کے لنکس

امریکی فوج نے مریضوں کے لیے ہیٹی سے خصوصی پروازیں دوبارہ شروع کردیں


امریکی فوج کی طرف سے ہیٹی زلزلہ زدگان کو طبی امداد پہنچائی جارہی ہے
امریکی فوج کی طرف سے ہیٹی زلزلہ زدگان کو طبی امداد پہنچائی جارہی ہے

اتوار کے روز ہیٹی میں امدادی کارکنوں نے تین شدید بیمار بچّوں کو ایک نجی طیارے کے ذیعے امریکہ کے ایک ہسپتال تک پہنچانے کا انتظام کیا

امریکی مسلح افواج نے زلزلے میں شدید زخمی ہونے والوں کو علاج کے لیے امریکہ پہنچانے کے مقصد سے خصوصی پروازیں دوبارہ شروع کردی ہیں ۔

فوج کی ان طبّی پروازوں کو پچھلے ہفتے اس بارے میں ایک تنازعے کی وجہ سے معطّل کردیا گیا تھا کہ مریضوں کا علاج کہاں کیا جائے گا اور کون اُن کے علاج کے اخراجات ادا کرے گا۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ اُسے اس بارے میں یقین دہانیاں موصول ہوئى ہیں کہ امریکہ اور اُس کے بین الاقوامی شرکائے کارکے پاس ، ہیٹی کے زخمیوں کے علاج کے لیے طبّی صلاحیت موجود ہے۔

اسی دوران ، پورٹ او پرنس سے دُور ہیٹی کے کئى صوبوں کے سکول 12 جنوری کے زلزلے کے بعد پہلی بار پیر کے روز دوبارہ کُھل گئے ہیں۔تاہم ہیٹی کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اُن علاقوں میں جنہیں زلزلے سے شدید نقصان پہنچا ہے ، سکولوں کے دوبارہ کھلنے میں کئى مہینے لگیں گے۔

اتوار کے روز ہیٹی میں امدادی کارکنوں نے تین شدید بیمار بچّوں کو ایک نجی طیارے کے ذیعے امریکہ کے ایک ہسپتال تک پہنچانے کا انتظام کیا ۔ان بچّوں کو پورٹ او پرنس سے ریاست پنسلوینیہ میں فلاڈیلفیا کے بچوں کے ایک ہسپتال میں پہنچا دیا گیا ہے۔

عہدے داروں نے کہا ہے کہ ان میں سے ایک پانچ سال کا بچّہ ٹیٹنس میں مبتلا ہے ، دوسرے 14 ماہ کے بچّے کو نمونیا ہے اورتیسرے بچّے کا جسم دیر تک دھوپ میں رہنے سے جل جانے کی وجہ سے تیسرے درجے کے زخموں سے بھرا ہوا ہے۔

اسی دوران ہیٹی میں امدادی کاموں سے متعلق عہدے داروں نے کہا ہے کہ کوپن کی بنیاد پر سامان ِخوراک کی فراہمی کے ایک نئے نظام کی وجہ سے اُن امدادی کاموں میں ایک قسم کا نظم وضبط پیدا ہوگیا ہے، جو اجناسِ خوراک کی نقسیم کے موقعوں پر اکثر انتشار کی نذر ہوجاتے تھے۔

XS
SM
MD
LG