رسائی کے لنکس

امریکہ: ایوانِ نمائندگان میں نئے اکثریتی رہنما کا چناؤ


ایوان کے اکثریتی لیڈر ہونے کے ناطے 49 سالہ مک کارتھے اسپیکر جان بینر کے بعد ایوان کے دوسرے سرکردہ ری پبلکن رہنما ہوں گے۔

امریکہ کے ایوانِ نمائندگان کے ری پبلکن ارکان نے کیون مک کارتھے کو ایوان میں اپنا نیا رہنما منتخب کرلیا ہے۔

ایوان میں گزشتہ آٹھ سال سے کیلی فورنیا کی نمائندگی کرنے والے کیون مک کارتھے نے جمعرات کو ہونے والا پارٹی الیکشن کثرتِ رائے سے جیتا۔

ایوان کے اکثریتی لیڈر ہونے کے ناطے 49 سالہ مک کارتھے اسپیکر جان بینر کے بعد ایوان کے دوسرے سرکردہ ری پبلکن رہنما ہوں گے۔

خیال رہے کہ ری پبلکن کو ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل ہے۔

جناب مک کارتھے کو اکثریتی رہنما منتخب کرنے کے بعد ایوان کے ری پبلکن ارکان نے ان کی جگہ لوزیانا سے منتخب رکن اسٹیو اسکالیز کو 'میجارٹی وہپ' مقرر کیا ہے۔

وہپ ایوان میں تیسرا اہم ری پبلکن عہدہ ہے جس کا کام پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے پیش کیے جانے والے اہم قوانین کے لیے پارٹی ارکان کے ووٹوں کا حصول یقینی بنانا ہوتا ہے۔

امریکہ میں کانگریس کے دونوں ایوانوں کے رہنماؤں کا انتخاب عموماً دو سالہ سیشن کے آغاز پر کیا جاتا ہے لیکن مک کارتھے اپنی نئی ذمہ داریاں اگست میں سنبھالیں گے۔

ان کے پیش رو اور ایوان میں موجودہ ری پبلکن اکثریتی رہنما ایرک کینٹور جولائی کے اختتام پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔

انہوں نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ اپنے حلقہ انتخاب ورجینیا سے دوبارہ الیکشن لڑنے کی غرض سے ہونے والے ری پبلکن جماعت کے پرائمری انتخاب میں شکست کے بعد کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG