رسائی کے لنکس

امریکی ایوان نمائندگان میں ویزا سے چھوٹ کے پروگرام میں ترامیم


کیون میکارتھی
کیون میکارتھی

ایوان نمائندگان سے منظور ہونے والے اس قانون میں ویزے سے چھوٹ کے پروگرام میں ترامیم کی گئی ہیں جس کے تحت 38 ملکوں کے افراد ویزا حاصل کیے بغیر امریکہ کا سفر کر سکتے ہیں۔

امریکہ کے ایوان نمائندگان نے گزشتہ پانچ سال کے دوران عراق اور شام کا سفر کرنے والے افراد کا ویزا سے چھوٹ کے پروگرام کے تحت امریکہ میں داخلہ بند کرنے کے اقدام کی بھاری اکثریت سے حمایت کی۔

اس قانون میں ویزے سے چھوٹ کے پروگرام میں ترامیم کی گئی ہیں جس کے تحت 38 ملکوں کے افراد 90 دن یا اس سے کم عرصہ کے لیے امریکی سفارتخانے یا قونصل خانے سے ویزا حاصل کیے بغیر امریکہ کا سفر کر سکتے ہیں۔

اس بل کو 19 کے مقابلے میں 407 ووٹوں سے منظور کیا گیا اور اس میں عراق، شام اور دہشت گردوں کا گڑھ سمجھے جانے والے کسی بھی اور ملک کے شہریوں اور گزشتہ پانچ سال کے دوران ان ملکوں کا سفر کرنے والے افراد کے لیے نئی ویزا شرائط بھی منظور کی گئی ہیں۔

اس قانون میں ویزا سے چھوٹ میں شامل ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام مسافروں کی انٹرپول کی ڈیٹا بیس کے ذریعے یہ جاننے کے لیے جانچ پڑتال کریں کہ وہ دہشت گردی یا کسی مجرمانہ سرگرمی میں کسی قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلوب تو نہیں۔

جعلی پاسپورٹ کو روکنے کے لیے اس قانون میں تمام 38 ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ بائیومیٹرک معلومات رکھنے والے ای پاسپورٹ جاری کریں اور جب ان پاسپورٹس کو سکین کیا جائے تو وہ اس بات کی تصدیق کریں کہ یہ اصلی ہیں۔

سینیٹ نے ابھی اس قانون پر رائے شماری کی تاریخ مقرر نہیں کی۔ وائٹ ہاؤس نے ویزے سے چھوٹ کے پروگرام کو سخت کرنے کی حمایت کی ہے۔

اس پروگرام کے تحت سالانہ دو کروڑ افراد امریکہ کا سفر کرتے ہیں۔ محکمہ داخلی سکیورٹی ایک آن لائن نظام کے ذریعے ان کی جانچ پڑتال کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG