رسائی کے لنکس

ایران علاقائى استحکام کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے: امریکی جنرل


جنرل ڈیوڈ پیٹرئیس
جنرل ڈیوڈ پیٹرئیس

امریکہ کے ایک چوٹی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ایران اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف اپنے جوہری پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے علاقائى استحکام کے لیے ایک بڑا خطرہ بن گیا ہے۔

مشرقِ وسطیٰ اور وسط ایشیا میں امریکی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹرئیس نے منگل کے روز امریکی سینٹ میں ایک سماعت کے دوران کہا ہے کہ اُن کے خیال میں ایران کسی جوہری ہتھیار کی تیاری پر کام کررہا ہے ۔ لیکن انہیں یہ توقع نہیں ہے کہ وہ اسی سال کے اندر اس کام کو مکمل کرلے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران بدستور عراق، لبنان، غزہ اور نسبتاً چھوٹے پیمانے پر افغانستان میں انتہا پسند عناصر کو اسلحہ ، حمایت اور ہدایات فراہم کررہا ہے۔

امریکی جنرل نے افغانستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غالب امکان یہ ہے کہ وہاں کی صورتِ حال ، آسان ہونے سے پہلے مزید کٹھن ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2010، ایک مشکل سال ہوگا ۔ جنرل نے کہا کہ طالبان کلیدی اہمیت کے علاقوں پر اپنے کنٹرول کو باقی رکھنے کے لیے سر توڑ کوشش کریں گے اور انہوں نے ارکان کانگریس کو خبر دار کیا کہ وہ اُس ملک میں تشدّد کے واقعات میں کسی ڈرامائى کمی کی توقع نہ رکھیں۔

پیٹرئیس نے کہا کہ افغان قومی سکیورٹی فورسز کو تیار کرنا ، افغانستان میں ترقی کے لیے مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔

جنرل نے طالبان اور القاعدہ کے خلاف پاکستان کی حالیہ کارروائیوں کو موثر قرار دیا اور کہا کہ سرحد سے افغانستان کی جانب امریکی فوج کے ساتھ افغان فوج کے ربط و ضبط میں اضافے کے نتیجے میں جنگجوؤں کے لیے ایک ملک سے دوسرے ملک میں منتقل ہونا زیادہ مشکل ہوگیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کے اندر ایرانی حکومت کے اقدامات پریشان کُن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال متنازع صدارتی انتخاب کے بعد احتجاجی مظاہروں کو تشدّد آمیز طریقے سےکچل دیے جانے کے واقعات نے لوگوں کے انسانی حقوق کو ایک مذاق بنا دیا اور اس طرح مزید بے چینی پھیلی۔

XS
SM
MD
LG