رسائی کے لنکس

ایران: زیر حراست امریکی ہائیکرز کی رہائی کی درخواست پر غور


انسانی حقوق سے متعلق ایران کے اعلیٰ ترین عہدے دار نے کہا ہے کہ ان کا ملک قید میں موجود تین امریکی ہائیکرز سے ملاقات کے بارے میں ان کے خاندانوں کی ایک درخواست پر غور کر رہاہے۔

محمد جاوید لاری جانی نے منگل کے روز جنیوا میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ تہران میں سوئٹزر لینڈ کے سفیر نے یہ درخواست دو یا تین ہفتے قبل ان کے دفتر کو پیش کی تھی۔ سوئٹزر لینڈ تہران میں امریکی مفادات کی نمائندگی کرتا ہے کیوں کہ امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات موجود نہیں ہیں۔

لاری جانی نے یہ بھی کہا کہ ان کے دفتر نے ہائیکرز کے خاندانوں کی درخواست کا جائزہ لینے والے سکیورٹی کے عہدے دار اور جج صاحبان سے قیدیوں سے ملنے کی اجازت دینے کی سفارش کی ہے۔

ایرانی عہدے داروں نے گزشتہ سال جولائی کے مہینے میں ان تین امریکیوں کو اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ عراق سے ایران میں داخل ہوئے تھے۔ تہران ان پر جاسوسی کا الزام عائد کرتا ہے لیکن ان کے خاندان کے افراد کا کہنا ہے کہ وہ تینوں اس وقت کردستان کے نیم خود اختیار علاقے میں ہائیکنگ کر رہے تھے جب وہ غلطی سے بھٹک کر ایران داخل ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG