رسائی کے لنکس

چین ایران پر نئی پابندیوں کی حمایت کرے، کلنٹن


امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے چین پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کوجوہری سرگرمیوں سے باز رکھنے کے لیے عالمی برادری کی طرف سے اُس پر نئی پابندیاں لگانے کی حمایت کرے۔ اُنھوں نے جمعہ کے روز پیرس میں صحافیوں کو بتایا کہ چین اُس وقت شدید دباؤ میں آئے گا جب اُسے اِس حقیقت کا اندازہ ہو گا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیاروں کے ہونے سے خلیج فارس کے علاقے پر کس قدر منفی اثرات ہونگے۔

ہلری کلنٹن نے خدشہ ظاہر کیا کہ جوہری ہتھیاروں کے حصول کی ایرانی کوششوں سے خطے میں اسلحہ کی دوڑ شروع ہو سکتی ہے اور خبردار کیا کہ اسرائیل کو بھی اپنی بقاء سے متعلق خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے یہ اعتراف بھی کیا کہ چین ایران پر مزید پابندیوں کا حامی نہیں کیونکہ ایران چین کو تیل فراہم کرنے والا ایک بڑا ملک ہے۔ لیکن اُنھوں نے کہا کہ ایران کے ہاتھ جوہری ہتھیار لگنے سے تیل کی یہ سپلائی بھی مشکل میں پڑ سکتی ہے۔

ایران مسلسل ان مطالبوں کو رد کرتا آیا ہے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام کے پر امن ہونے کے بارے میں بین الاقوامی برادری کو یقین دہانی کرائے۔ تہران اس بین الاقوامی معاہدے سے بھی پیچھے ہٹ گیا ہے کہ جس کے تحت ایران کے جوہری تحقیق سے متعلق ری ایکٹر کو ایندھن فراہم کرنے کے بدلے ایرانی حکام اپنے ہاں کم افزدہ یورنیم کے ذخائر بین الاقوامی ایٹمی توانائی کے ادارے کے حوالے کردیں گے۔

تاہم عالمی ادارے کے سربراہ نے جمعہ کو ڈیوس میں صحافیوں کو بتایا کہ معاہدہ طے پانے کے امکانات اب بھی موجود ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ منوچہر متقی نے بھی ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG