رسائی کے لنکس

کیری کا زیباری سے رابطہ، عراق کا معاملہ زیرغور


امریکی وزیر ِخارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ عراق کو مدد فراہم کرتا رہے گا؛ اور یہ کہ ایران کے ساتھ امریکہ کا رابطہ اس کوشش کا حصہ ہے جس میں عالمی برادری کے ساتھ عراق پر گفت و شنید جاری ہے

ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ایران کے نیوکلیئر پروگرام کے حوالے سے عالمی مذاکرات ایک مرتبہ پھر ویانا میں شروع ہوگئے ہیں۔

دوسری طرف، اوباما انتظامیہ کی جانب سے ایران کے ساتھ براہ ِراست مذاکرات کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔

ایک امریکی قانون ساز کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات واشنگٹن کی ضرورت ہیں۔

امریکی قانون ساز کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی وزیر ِخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ عراق میں جاری شورش پر عالمی برادری کے ساتھ بات کرنا چاہتا ہے، جس میں عراق کے ہمسایہ ممالک بھی شامل ہیں۔

معروف امریکی اخبار ’وال سٹریٹ جنرل‘ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، اوباما انتظامیہ عراق کے مسئلے کے حل کے لیے ایران کے ساتھ بات چیت پر تیار ہے اور یہ دیکھنا چاہتی ہے کہ ایران عراق میں سنی گروپوں کی جانب سے لڑائی کو کیسے ختم کرنے میں مدد دے سکتا ہے؟

اخبار کے مطابق، رواں ہفتے، ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہونے کا امکان ہے۔

گذشتہ 30 برسوں میں، دونوں ممالک کے درمیان کسی قسم کا کوئی سفارتی رابطہ نہیں رہا۔

دوسری طرف، ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے عالمی مذاکرات بھی جاری ہیں۔ ڈیڈلائن کے مطابق، ایران کو 20 جولائی تک اپنا جوہری پروگرام ختم کرنا ہوگا، جس کے بدلے میں ایران پر عائد کئی عالمی پابندیاں ہٹالی جائیں گی۔

ایران کے صدر حسن روحانی کی جانب سے ہفتے کے روز جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ایران عراق میں آئی ایس آئی ایل کے شدت پسندوں سے لڑائی کے لیے تیار ہے۔ حسن روحانی نے اس سلسلے میں واشنگٹن کے ساتھ تعاون کے لیے رضامند ہونے کا بھی عندیہ دیا۔

امریکی وزیر ِخارجہ جان کیری نے ہفتے کے روز اپنے عراقی ہم منصب ہوشیار زیباری سے رابطے میں اس بات پر زور دیا کہ امریکہ عراق کو مدد فراہم کرتا رہے گا اور یہ کہ ایران کے ساتھ امریکہ کا رابطہ اس کوشش کا حصہ ہے جس میں عراق کے حوالے سے عالمی برادری سے گفت و شنید کی جا رہی ہے۔

’یاہُو نیوز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی وزیر ِخارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ عراق میں بھی ڈرون حملے کیے جانے کا امکان موجود ہے اور اس آپشن کو بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

امریکی وزیر ِخارجہ کا کہنا تھا کہ عراق امریکہ کا حلیف ہے اور خطے کی مجموعی صورتحال کے لیے عراق میں امن ہونا ضروری ہے۔
XS
SM
MD
LG